Jan ۰۴, ۲۰۱۸ ۱۲:۴۹ Asia/Tehran
  • ایران کے اندرونی معاملات میں امریکی مداخلت پر اقوام متحدہ کو خط

اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب غلام علی خوشرو نے امریکہ کی جانب سے ایران میں حالیہ بدامنی کے واقعات کی حمایت اور اندرونی معاملات میں مداخلت کرنے پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو ایک احتجاجی مراسلہ دیا ہے۔

اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب غلام علی خوشرو نے اس خط میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ امریکی حکام بشمول صدر اورنائب صدرنے ایران کے اندرونی معاملات میں کھلی مداخلت کا اظہار کیا یہاں تک کہ انھوں نے فیس بک اور ٹوئٹر پر اشتعال انگیز بیانات کے ذریعے ایران میں مظاہرین پر زور دیا کہ وہ حکومت کی تبدیلی کے لئے آگے بڑھیں اور امریکی حکام کا یہ اقدام تمام حدود کی خلاف ورزی اور عالمی قوانین کو نظرانداز کرنا ہے۔

ایران کے مندوب نےاحتجاجی مراسلے میں کہا کہ امریکہ کی سابقہ اور موجودہ حکومت  نے ہر وقت ایران کو سماجی، ثقافتی اور سیاسی لحاظ سے نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔

انہوں نے اس خط میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران عالمی برادری بالخصوص تمام ممالک سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ امریکہ کے ایسے منفی اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے امریکی انتظامیہ پر عالمی قوانین کی پیروی کرنے کے لئے دباؤ ڈالیں۔

واضح رہے کہ ایرانی عوام  نے ملک کے مختلف شہروں میں وسیع پیمانے پر ریلیاں نکال کر لوگوں کی املاک کو تباہ اور پبلیک مقامات کو نقصان پہنچانے کے لئے دشمنوں اور موقع پرست عناصر کی نئی سازش سے اپنی نفرت و بیزاری کا اظہار کیا۔

گزشتہ ہفتے جمعرات کے روز سے کچھ افراد نے ایران کے بعض شہروں میں اجتماعات کر کے مالی اداروں میں اپنے سرمایوں کی صورت حال واضح نہ ہونے، مہنگائی اور اشیائے صرف کی قیمتوں میں اضافے پر حکومت کی گہری نگرانی نہ ہونے کے خلاف نعرے لگائے اور احتجاج کیا اسی دوران مظاہروں میں شامل ہوجانے والے مٹھی شرپسند عناصر کے لئے بعض بیرونی ممالک اور خاص طور سے منافقین کے دہشت گرد گروہ کی جانب سے کی جانے والی حمایت کی بنا پر کچھ اجتماعات تشدد کی شکل بھی اختیار کر گئے جس کے نتیجے میں کہیں کہیں ہنگامے بھی پھوٹ پڑے -

اس صورتحال کے پیش نطر ایران کی غیور قوم نے آج جمعرات کو مشہد، زابل اور دوسرے شہروں اور کل بدھ کے روز ایران کے مختلف شہروں منجملہ صوبے ایلام کے شہر دہلران، مغربی ایران کے شہر اہواز اور ایذہ اور اسی طرح ہمدان و کرمانشاہ  نیز البرز و اصفہان صوبوں میں وسیع پیمانے مظاہروں میں شرکت کر کے دشمنوں کی نئی سازش اور ان کی جانب سے فتنہ کھڑا کئے جانے کی شدید مذمت کی اور اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی حضرت امام خمینی (رح) کی امنگوں اور رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای سے تجدید عہد کیا۔

ٹیگس