ایران اور دنیا کے 300 بینکوں کے درمیان تعاون کے لئے رابطے
جوہری معاہدے کے نفاذ کے بعد سے ایران اورعالمی بینکوں کے درمیان سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا اور ایران اور دنیا کے 300 بینکوں کے درمیان تعاون کے لئے رابطے بھی قائم کئے گئے۔
ایران کے سرکاری بینکوں کی کوآرڈینیشن کونسل کے چیئرمین محمد رضا حسین زادہ نے ارنا نیوز ایجنسی کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج ایران کی برآمدات اور درآمدات کی پوزیشن مضبوط ہے جبکہ رقم کے لین دین کی صورتحال پابندیوں کے دور کے مقابلے میں بہتر ہے۔
محمد رضا حسین زادہ کے کہنے کے مطابق، پابندیوں کے دور میں غیرملکی بینکوں کی ایران میں شراکت داری کی سطح بہت کم تھی مگر حکومت کی تعمیری پالیسی اور ایٹمی سمجھوتے کے ذریعے تقریبا 300 غیرملکی بینکوں نے ایران کے ساتھ مالیاتی تبادلوں کے لئے رابطے کئے۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ ایران کو حالیہ مہینوں میں بینکاری شعبے میں شایان شان کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں یہاں تک کہ ایشیائی بینکوں کے مقابلے میں یورپی بینک اور مالیاتی ادارے ایران کے ساتھ دوطرفہ تعاون کی توسیع پر زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں۔
ایران اور عالمی برادری کے درمیان بینکنگ تعلقات کی بحالی کے علاوہ اس وقت ایران کے مرکزی بینک اور ملک کے دیگر نامور بینکوں کی شاخیں برطانیہ اور جرمنی سمیت مختلف یورپی اور ایشیائی ممالک میں کھل گئیں ہیں۔