ایران میں دہشت گردوں کی کوئی جگہ نہیں
ایران کے انٹیلیجنس کےوزیر نے کہا ہے کہ ایران میں دہشت گردوں کی کوئی جگہ نہیں۔
ایرانی وزیر انٹیلی جنس سید محمود علوی نے ایران کے صوبے مغربی آذربائیجان کے شہرارومیہ میں تین شہیدوں کے جلوس جنازہ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں دہشت گرد تنظیموں اور گروہوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ شہادت، اس سرزمین کے نوجوانوں کی خواہش ہے اور ہمارے نوجوان اپنی بہادری اور شجاعت کے ساتھ ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی فورسز ہمیشہ شہادت کے لیے تیار ہیں اور کبھی بھی دشمن کو ملک کے امن و امان کو درہم برہم کرنے کی اجازت نہیں دیں گی۔
واضح رہے کہ بدھ کے روز ایران کے شمال مغربی صوبے مغربی آذربائیجان میں ایک دہشت گرد گروہ کے نیٹ ورک کو تباہ کردیا گیا جو ملک کے حالیہ بدامنی کے واقعات کے دوران قتل و غارت، دھماکے اور فسادات میں ملوث تھا۔
اس آپریشن کے دوران ایک دہشت گرد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔ دہشت گردوں کے ساتھ جھڑپ میں تین سیکورٹی اہلکار درجہ شہادت پر فائز ہوئے۔