انقلابی امنگوں کی حمایت میں ایرانی عوام کی شاندار ریلیاں
ایران کے عوام نے اتوار کو بھی ملک کے مختلف شہروں میں شاندار ریلیاں نکال کر انقلابی اقدار، اسلامی نظام اور ولی فقیہ سے اپنی بھرپور وفاداری کا اعلان کرتے ہوئے پچھلے دنوں کچھ شہروں میں کئے گئے ہنگاموں کی مذمت کی -
اسلامی نظام اور انقلابی اقدار سے وفاداری کا اعلان کرنے کے لئے ایران کے مختلف شہروں میں اتوار کے روز بھی نکالی گئیں ریلیوں میں شریک لاکھوں افراد نے انقلابی اقدار کے دفاع اور اسلامی نظام سے وفاداری کے نعرے لگاتے ہوئے پچھلے دنوں نجی املاک کو نقصان پہنچانے اور اقتصادی مشکلات کو بہانہ بنا کر ہنگامے کرنے والوں کی مذمت کی-
مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں ایسے بینرز اور پلے کارڈ بھی اٹھا رکھے تھے جن پر شرپسند مردہ باد، امریکی ایجنٹ مردہ باد اور رہبر کے فرمان پر جان بھی قربان ہے جیسے نعرے درج تھے۔
ایران کے انقلابی عوام کل پیر کے روز بھی ملک کے مختلف شہروں میں ریلیاں نکال کر، اسلامی نظام اور رہبر انقلاب اسلامی سے اپنی وفاداری کا اعلان کریں گے۔
واضح رہے کہ بعض مالیاتی اداروں میں سرمایہ کاری کرنے والے لوگوں نے اپنے پیسے ڈوب جانے اور مہنگائی کے خلاف گذشتہ اٹھائیس دسمبر کو ملک کے بعض شہروں میں مظاہرے کیے تھے اور وہ حکومت سے مالیاتی اداروں کی کڑی نگرانی کا مطالبہ کر رہے تھے۔ لیکن مظاہرین کی صفوں میں شامل ہوجانے والے شرپسند عناصر نے نجی املاک، عام لوگوں اور سیکورٹی اہلکاروں پر حملے کرکے پرامن احتجاج کو تشدد میں تبدیل کردیا تھا۔
امریکا، سعودی عرب اور بعض دیگر مغربی حکومتوں نے ایران میں گڑبڑ پھیلانے کی کوشش کرنے والے شر پسندوں کی حمایت کا اعلان کیا تھا لیکن ایرانی عوام نے فتنہ گرعناصر اور ان کے سرپرستوں کی تمام سازشوں اور فتنوں کو ناکام بنادیا -