Jan ۱۶, ۲۰۱۸ ۱۸:۱۷ Asia/Tehran
  • عالم اسلام میں اخوت و برادری کو فروغ دینے پر صدر مملکت کی تاکید

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے مختلف اسلامی ملکوں کے پارلیمانی اسپیکروں سے ملاقات میں اسلامی اخوت و برادری اور سامراجی طاقتوں کے مقابلے میں باہمی تعاون نیز اتحاد و یکجہتی کی تقویت کی ضرورت پر تاکید کی ہے۔

 صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے تہران میں عراق کے پارلیمانی اسپیکر سلیم الجبوری سے گفتگو کرتے ہوئے عراقی عوام میں تفرقہ پیدا کرنے کے لئے دشمنوں کی سازش کی ناکامی کو اہم قرار دیا اور کہا کہ ایران ہمیشہ متحدہ عراق کا خواہاں رہا ہے اور وہ علاقے کے ملکوں کی جغرافیائی سرحدوں میں کسی بھی طرح کی تبدیلی کے خلاف ہے۔صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ عالم اسلام کو اس وقت مختلف قسم کے مسائل و مشکلات کا سامنا ہے، کہا کہ ان مسائل و مشکلات کے حل کے لئے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون و مدد کی ضرورت ہے اور اس کے لئے اسلامی ملکوں کے درمیان مختلف سطحوں پر مذاکرات اور ہم فکری و ہم آہنگی کا سلسلہ جاری رکھا جانا چاہئے۔ عراق کے پارلیمانی اسپیکر سلیم الجبوری نے بھی اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ عالم اسلام کو بہت زیادہ سنگین مسائل کا سامنا ہے کہ جن کے حل کے لئے مختلف اسلامی ملکوں کے درمیان تعاون و مفاہمت کی اشد ضرورت ہے، کہا کہ ایران، علاقے کے مسائل و مشکلات کے حل میں مثبت اور تعمیری کردار ادا کر رہا ہے۔انہوں نے دہشت گردی کے خلاف مہم میں عراق کی کامیابیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے، جو ایران کی مدد سے حاصل ہوئی ہیں، کہا کہ بغداد عراق میں استحکام اور تعمیرنو کے سلسلے میں ایران کی مدد و حمایت جاری رہنے کا خواہاں ہے۔ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے اسی طرح قطر کی پارلیمنٹ کے اسپیکر احمد بن عبداللہ بن زید آل حمود سے گفتگو میں قطر کی حکومت اور قوم پر کسی بھی قسم کا دباؤ ڈالے جانے پر کڑی تنقید کی اور کہا کہ اگر علاقے کے ملکوں خاص طور سے پڑوسی ملکوں میں اختلافات پائے جاتے ہیں تو انھیں صرف مذاکرات کے ذریعے دور کئے جانے کی ضرورت ہے۔صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے قطر کے ساتھ ہمہ جہتی تعلقات کے فروغ کے لئے ایران کے سیاسی عزم و ارادے کی طرف اشارہ کیا اور کہا کہ ایران، قطر کے مسلمان عوام پر کسی طرح کے ناحق اور غیر منصفانہ دباؤ کے خلاف ہے اور وہ یہ دباؤ نہیں پڑنے دے گا۔اس ملاقات میں قطر کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے بھی کہا کہ اس وقت قطر اپنے دوست ملکوں خاص طور سے ایران کی مدد و حمایت کی بدولت تمام سازشوں کے مقابلے میں ماضی سے کہیں زیادہ استقامت کا مظاہرہ کرنے میں کامیاب ہوا ہے۔الجزائر اور سینیگال کے پارلیمانی اسپیکروں نے بھی تہران میں اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی سے الگ الگ ملاقات کی۔ان ملاقاتوں میں صدر مملکت نے فلسطینی قوم کے حقوق کی بحالی، علاقے میں دہشت گردی کے خلاف مہم اور بعض اسلامی ملکوں منجملہ یمن کی مشکلات کے حل میں مدد کو اہمیت کا حامل قرار دیا اور کہا کہ عالم اسلام کو اتحاد اور اخوت و برادری کی ضرورت ہے تاکہ وہ دشمنوں کی سازشوں کے مقابلے میں استقامت کا مظاہرہ کر سکے۔اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے سینیگال کے پارلیمانی اسپیکر مصطفی نیاس سے گفتگو میں اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ایران کی حکومت اور قوم، افریقی عوام کے لئے خاص احترام کی قائل ہے، افریقی عوام کے بارے میں امریکی صدر کے بیان کو افسوسناک، غلط اور قابل مذمت  قرار دیا اور کہا کہ اس قسم کے بیان سے اس بات کی نشاندہی ہوتی ہے امریکہ کے موجودہ حکام ابھی افریقی عوام کے مقام و منزلت کو نہیں سمجھ پائے ہیں۔

ٹیگس