ایران کی دفاعی توانائی پر مذاکرات نہیں ہو سکتے، حکومتی ترجمان
اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومت کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایران کی دفاعی توانائی کے بارے میں ہرگز مذاکرات نہیں ہو سکتے اور کسی کو بھی ایران کے دفاعی اور میزائل پروگرام کے بارے میں مداخلت کرنے کا حق نہیں ہے۔
حکومت ایران کے ترجمان محمد باقر نوبخت نے فرانسیسی وزیر خارجہ کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے، جنھوں نے دعوی کیا تھا کہ پیرس نے ایران کے میزائل پروگرام کے بارے میں مذاکرات شروع کئے ہیں، کہا کہ ایران نے میزائل پروگرام کے بارے میں کسی سے مذاکرات نہیں کئے ہیں اور نہ ہی اس بارے میں مذاکرات ہو سکتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ دفاعی توانائی کو مضبوط بنانا ایران کا مسلمہ حق ہے۔ ایرانی حکام نے بارہا تاکید کی ہے کہ دفاعی پروگرام ایران کی ریڈلائن ہے اور ایران کی دفاعی اور میزائلی پالیسیاں ملک کے دفاع کے لئے ہیں جن سے علاقے کے امن و سلامتی کو بھی مدد ملے گی۔ واضح رہے کہ امریکہ اور اس کے بعض اتحادی، ایران کا میزائل پروگرام بند کرانا چاہتے ہیں اور امریکہ کا کہنا ہے کہ ایران کے میزائلی تجربات سلامتی کونسل کی قرارداد بائیس اکتّیس کے خلاف ہیں جبکہ یورپی یونین کے خارجہ امور کی سربراہ کی ترجمان نبیلہ مسرالی نے حال ہی میں اعلان کیا ہے کہ ایران کے میزائلی تجربات ایٹمی معاہدے کے خلاف نہیں ہیں۔