ایران: سی آئی اے چیف کے الزامات بے بنیاد اور مداخلت پر مبنی
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے امریکی خفیہ ایجنسی (سی آئی اے) کے سربراہ کے حالیہ ایران مخالف الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ہمسایہ ممالک ہمیشہ ایران کی خارجہ پالیسی کے اہم جز ہیں اور رہیں گے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ایران، تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ پُرامن بقائے باہمی اور تعلقات کی توسیع کا خواہاں ہے اور ہم ہمسایہ ممالک کی سلامتی اور استحکام کو اپنی سلامتی اور استحکام تصور کرتے ہیں۔
انہوں نے بدنام زمانہ امریکہ کی جاسوسی کی تنظیم سی آئی اے کے چیف مایک پومپئو کے حالیہ ایران مخالف الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان بیانات کا مقصد ایران کے اندرونی معاملات میں مداخلت اور خطے کی مسلم ریاستوں میں اختلافات پھیلانا ہے اور یہ واشنگٹن کی زیادہ خواہی کی نشاندہی کرتی ہے۔
ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ خطے میں امریکہ کی غیرقانونی موجودگی بالخصوص ایرانی سرحدوں کے قریب اس کے منفی اقدامات نےنہ صرف علاقائی ممالک کے مفادات کو خطرے میں ڈال دیا ہے بلکہ امریکہ کے ہوتے ہوئے علاقائی ممالک کو درپیش مسائل اور بحرانوں کے خاتمے کے لئے اختلافات کو گفتگو اور سفارتی سطح پر حل کرنے میں رکاوٹیں حائل رہیں گی۔
واضح رہے کہ بدنام زمانہ امریکہ کی جاسوسی کی تنظیم سی آئی اے کے چیف مایک پومپئو نے کل ایران کے خلاف ہرزہ سرائی کرتے ہوئے ایران پر الزام عائد کیا تھا کہ ایران علاقے کے امن و استحکام کو غیر مستحکم کر رہا ہے اور امریکہ کو اس پر تشویش ہے۔