ایران سائنسی میدانوں میں تیز رفتار والے ملکوں میں شامل ہے
عالمی امور میں رہبر انقلاب اسلامی کے مشیر ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے ملک کی سائنسی اور علمی ترقی کی رفتار کو اطمینان بخش قرار دیا ہے۔
تہران میں اسلامی انقلاب کی سالگرہ موقع پر غیر ملکی مہمانوں کے اعزاز میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر علی اکبر ولایتی کا کہنا تھا کہ معتبر عالمی اداروں کے جائزے کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران مختلف سائنسی میدانوں میں تیز رفتاری کے ساتھ ترقی کرنے والے ملکوں میں شامل ہے۔
انہوں نے ڈائیلاگ اور بیداری، مزاحمت اور سامراج مخالف نظریات نیز نئی اسلامی تہذیب کے قیام کو ایران کے اسلامی انقلاب کا اہم ترین نتیجہ قرار دیا۔
عالمی امور میں رہبر انقلاب اسلامی کے مشیر نےکہا کہ ایران کے اسلامی انقلاب نے، مغربی طرز فکر، نظریات اور تہذیبی اقدار کو چیلنج کیا اور عالمی سامراجی نظام کو پوری قوت کے ساتھ للکاراہے ۔
انہوں نے کہا کہ اگر رہبر انقلاب اسلامی کی ہدایت و رہنمائی کے نتیجے میں لبنان، فلسطین، شام اور عراق کے نوجوان استقامت کا مظاہرہ نہ کرتے تو آج دمشق، بیروت اور بغداد، صہیونی ایجنٹوں کے قبضے میں ہوتا۔