Feb ۱۴, ۲۰۱۸ ۱۲:۳۴ Asia/Tehran
  • اقوام متحدہ کے امن مشن میں تعاون کے لئے آمادہ ہیں: ایران

اقوام متحدہ میں تعینات ایرانی مندوب نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران، اقوام متحدہ کے امن مشن میں تعاون کے لئے آمادہ ہے اور اقوام متحدہ کے امن مشن کے لئے عسکری مبصر اور لاجسٹک سپورٹ فراہم کرسکتا ہے۔

 اقوام متحدہ میں تعینات ایرانی مندوب غلام علی خوشرو نے اقوام متحدہ کی خصوصی امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں اقوام متحدہ کے امن مشن اس ادارے کے منشور کے مطابق ہونے چاہئیں. ان آپریشنز میں جبر و زبردستی سے پرہیز کرنا اور غیرجانبدارانہ قدم اٹھانا ہوگا اورامن مشن میں تمام ممالک کی علاقائی سالمیت، خودمختاری کا احترام کرنے کے علاوہ ان کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں ہونی چاہئے.

انہوں نے مزید کہا کہ سویلن افراد کی جانوں کا تحفظ میزبان ممالک کی پہلی ترجیح ہونی چاہئے اور اس مقصد کے لئے قومی سطح پر کوششیں کرنی ہوں گی. سویلن افراد کا بہانہ بنا کراقوام متحدہ کے ذریعے فوجی مداخلت یا کسی اور ملک کی فورسز کا ہرگز استعمال نہیں ہونا چاہئے.

غلام علی خوشرو نے کہا کہ اقوام متحدہ کے امن مشن میں جدید ٹیکنالوجی سے بھی استفادہ کیا جانا چاہئے جس کا مقصد امن و سلامتی کو یقینی بنانا ہے.

انہوں نے بعض ممالک میں اقوام متحدہ کے امن مشن کے اہلکاروں کی جانب سے جنسی زیادتی کے بڑھتے ہوئے جرائم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس مسئلے سے اقوام متحدہ کی ساکھ کو نقصان پہنچا ہےلہذا اس مکروہ فعل کا سختی سے نوٹس لینا چاہئے.

ٹیگس