سعودی ولیعہد کا بیان جھوٹ کا پلندہ ہے، بہرام قاسمی
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے سعودی عرب کے ولیعہد کے حالیہ بیان کے ردعمل میں کہا ہے کہ سعودی ولیعہد ایک خیالی اور وہمی شخص ہیں جن کی باتوں کی کوئی حیثیت ہے اور نہ ہی اس کا جواب دینا مناسب ہے۔
اسلامی جمہوریہ جمہوریہ ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ سعودی ولیعہد کی سوچ بالکل وہم اور خام خیالی پر مشتمل ہے اور وہ منفی اور تلخ بیانات کے سوا کچھ نہیں بولتے۔
انہوں نے محمد بن سلمان کے امریکی چینل سی بی ایس کو دیئے گئے انٹرویو میں ایران مخالف بیانات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ سعودی ولیعہد کی باتیں بالکل جھوٹ اور خام خیالی کے سوا کچھ نہیں اور غیرمنطقی باتیں کرنا ان کا وطیرہ بن چکا ہے۔
بہرام قاسمی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اپنے پڑوسیوں اور دنیا کے ممالک کا احترام کرتا ہے اور ہمیشہ ایک الگ طاقتور ملک کے بجائے مضبوط خطے کے لئے سوچتا ہے جہاں امن و سلامتی کا بول بالا ہو۔ اسی مقصد کے لئے ہم نے دوسرے ممالک کو مذاکرات اور مشاورت کی دعوت بھی دی ہے جس میں خطے کے بعض ضدی ہٹ دھرم اور منفی سوچ رکھنے والے ممالک بھی شامل ہیں۔
وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران خیرسگالی، عقلانیت اور منطقی سوچ کے تحت عالم اسلام سمیت خطے اور دنیا کے امن و استحکام کے لئے فکرمند ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی ولیعہد کی من گھڑت باتوں سے ان کا جاہلیت کے دور سے تعلق بخوبی ظاہر ہوتا ہے۔
بہرام قاسمی نے کہا کہ بہتری اسی میں ہے کہ سعودی عرب جو گزشتہ تین سال سے یمن پر جاری ظالمانہ جارحیت کے باوجود نہتے اور مظلوم یمنی عوام کے سامنے گھٹنے ٹیک دینے پر مجبور ہوا ہے، اپنی معاشی یا فوجی طاقت کی باتیں نہ کرے اور اپنے سے بڑے اور طاقتور ملک اسلامی جمہوریہ ایران کے سامنے بے بنیاد باتیں کرنے سے باز آئے۔
واضح رہے کہ سعودی ولیعہد نے جمعرات کے روز امریکی ٹیلی ویژن چینل سی بی ایس سے گفتگو میں ایران کے خلاف منفی پروپیگنڈہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایران جوہری ہتھیار بنائے گا تو سعودی عرب بھی جوہری ہتھیار بنائے گا۔
انھوں نے یہ بیان ایسی حالت میں دیا ہے کہ اقوام متحدہ، سلامتی کونسل اور ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی نے بارہا تاکید کی ہے کہ ایران کا جوہری پروگرام پرامن مقاصد کے لئے اور اس میں کسی خلاف ورزی کا مشاہدہ نہیں کیا گیا ہے۔