ایران کی جانب سے چارفریقی عرب کمیٹی کے بیان کی مذمت
ایرانی دفترخارجہ کے ترجمان نے چار فریقی عرب کمیٹی کے ایران مخالف اعلامیہ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ اعلامیہ جو عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل کی موجودگی میں جاری ہوا من گھڑت اور جھوٹ کا پلندہ ہے۔
عرب لیگ کے وزرائے خارجہ نے جمعرات کی شب ریاض کے اختتامی اعلامیے میں دعوی کیا کہ ایران، عرب ممالک کے داخلی امور میں مداخلت کر رہا ہے اور یہ اقدام علاقے کی سلامتی اور سیکورٹی کے لئے خطرناک ہے۔
عرب لیگ کے وزرائے خارجہ نے اسی طرح اپنے تکراری دعوے میں ایران کے تین جزائر تنب کوچک، تنب بزرگ اور بوموسی کی ملکیت کے حوالے سے متحدہ عرب امارات کے دعوے کی بھی حمایت کی۔
بہرام قاسمی نے چار فریقی عرب کمیٹی کی آٹھویں وزراتی کمیٹی کی جانب سے ایران مخالف بیانات کو سختی سے مسترد اور اسے بے بنیاد اور توہین آمیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ اشتعال انگیز بیانات سے علاقائی امن و استحکام پر مزید منفی اثرات مرتب ہوں گے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے اس اعلامیے میں دشمنانہ اور غلط رویہ اختیار کرنے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ خطے کے بعض ممالک دشمنوں جیسا موقف اپناتے ہوئے دانستہ طور پر مسلمانوں کے دشمنوں کی خواہشات پرعمل کرتے ہوئے اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف دشمنی اور بدگمانی کا طریقہ اپنانے کے غلط راستوں پر گامزن ہیں۔
بہرام قاسمی نے اس امید کا اظہار کیا کہ عرب لیگ کے سربراہی اجلاس جس کا انعقاد چند روز بعد ہوگا، خطے کی اصل مشکلات کو روشناس کرانے اور اس کے حل کے لئے عرب اور اسلامی ممالک کے درمیان تعمیری تعاون کو فروغ دینے کے لئے اہم کردار ادا کرے۔
واضح رہے کہ عرب لیگ کا سربراہی اجلاس اتوار 15 اپریل کو سعودی عرب کے شہر ریاض میں منعقد ہوگا۔