Apr ۱۷, ۲۰۱۸ ۱۴:۱۹ Asia/Tehran
  • دہشت گردی اور انتہا پسندی ای سی او کے علاقے کے لئے خطرہ

ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا ہے کہ حالیہ دو عشروں کے دوران بیرونی مداخلت، انتہا پسندی اور دہشت گردی کے نتیجے میں دنیا کے بہت سے علاقے تباہ ہوئے ہیں اور یہ مسائل ای سی او کے رکن ملکوں کے لئے خطرہ ہیں۔

ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا ہے کہ ہمارا مقصد خطے کو مضبوط اور ای سی او تنظیم کے ممالک کو خوشحال بنانا ہے. ہمارا مستقبل ایک دوسرے سے جڑا ہوا ہے اور اس علاقے میں کامیابی اور شکست کے اثرات ہم سب پر مرتب ہوں گے۔اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے تاجیکستان کے دارالحکومت دوشنبہ میں منگل کو اقتصادی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کے تیئیسویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علاقائی اقوام کی خوشحالی اور ترقی، اقتصادی تعاون تنظیم ای سی او کی اہم ترجیح ہے جس پر زیادہ توجہ مرکوز رکھنا ہو گی.انہوں نے مزید کہا کہ سن نوّے کی دہائی کے بعد خطے کی صورت حال پپیچدہ ہو گئی اور گزشتہ دو دہائیوں سے غیرملکی مداخلت، دہشت گردی اور انتہا پسندی کی وجہ سے خطے کے مختلف علاقے تباہ ہوئے ہیں. اب بھی تشدد اور انتہا پسندی ای سی او ممالک کے لئے سب سے بڑا خطرہ ہے.ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ داعش کی ناکامی اور دیگر دہشت گرد عناصر کی شکست کے باوجود اب بھی مغربی، وسطی اور جنوبی ایشیا میں دہشت گردوں بالخصوص داعش کے نیٹ ورک کے خطرات میں اضافہ دیکھنے میں آرہاہے.انہوں نے خطے میں بڑھتے ہوئے دہشت گردی کے نیٹ ورک کو ای سی او ممالک کے لئے بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ انتہاپسندی کی روک تھام اور اس کی مالی معاونت کے سد باب کے لئے ہمیں آپس میں تعاون کو مزید بڑھانے اور مشترکہ حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے.محمد جواد ظریف کا کہنا تھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف ہمیشہ تعاون کے لئےآمادہ ہے ۔ اس ضمن میں دہشت گردوں اور انتہا پسندوں کے مالی ذرائع کی بندش کے لئے منشیات کی اسمگلنگ کا مشترکہ مقابلہ کرنا ناگزیر ہے.محمد جواد ظریف نے اسی طرح کہا کہ ای سی او کے رکن ممالک کو ماحولیات کی تباہی، آب و ہوا کی تبدیلی، قحط و خشک سالی، گرد و غبار کے طوفان اور آلودگی جیسے مسائل کا بھی سامنا ہے کہ جن پر توجہ دیئے جانے کی ضرورت ہے۔واضح رہے کہ تاجکیستان کے دارالحکومت دوشنبہ میں منگل کو اقتصادی تعاون تنظیم ای سی او کی تیئیسویں وزراتی کونسل کا اجلاس شروع ہوا ہے جس میں شرکت کے لئے ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف ایک اعلی سطحی وفد کے ہمراہ دوشنبہ پہنچے ہیں۔اقتصادی تعاون کی تنظیم ای سی او میں ایران، پاکستان، ترکی، ترکمنستان، قرقیزستان، ازبکستان، قزاقستان، تاجیکستان، اور جمہوریہ آذربائیجان شامل ہیں۔

ٹیگس