May ۰۱, ۲۰۱۸ ۱۱:۰۴ Asia/Tehran
  • ایران: کابل خودکش حملوں کی مذمت

افغانستان میں ہونے والے حالیہ دہشتگردانہ حملوں میں صحافیوں سمیت 160 سے زائد افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے گزشتہ روز افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ہونے والے خودکش حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ گہری ہمدردی اور افسوس کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی.

انہوں نے نہتے عوام بالخصوص صحافی برادری کے خلاف دہشتگردوں کی سفاکانہ کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری کو چاہئے کہ افغانستان میں قیام امن و سلامتی کے لئے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سنجیدہ اقدامات کرے.

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ یقینا نہتے عوام کے خلاف اور خطے کو مزید بدامنی کا شکار کرنے کے مقصد سے دہشتگردوں کی سازشیں جن کو مخصوص فریقین کی پشت پناہی حاصل ہے، ناکام رہیں گی.

واضح رہے کہ کل کابل اور قندہار میں خودکش بم دھماکوں کے نتیجے میں صحافیوں سمیت 50 افراد جاں بحق  اور 110 زخمی ہوگئے تھے۔

ٹیگس