May ۱۱, ۲۰۱۸ ۱۶:۵۵ Asia/Tehran
  • اسلامی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل کے بیانات کی مذمت

ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے علاقے کے مختلف مسائل کے بارے مین اسلامی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل کے جاری کردہ بیان کو جانبدارانہ اور غیر تعمیری قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے اسلامی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل یوسف بن احمد العثیمہ کے حالیہ ایران مخالف بیان پر، جو ایٹمی معاہدے سے امریکہ کی علیحدگی کے شرمناک اقدام کی حمایت میں جاری کیا گیا، ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل کا بیان مکمل طور پر اس تنظیم کے فرائض سے ہٹ کر اور اس تنظیم کے غیر جانبدارانہ اصول کے منافی نیز امریکہ اور غاصب صیہونی حکومت نیز سعودی عرب کی پالیسیوں سے مکمل ہم آہنگی کا آئینہ دار ہے جس سے اس تنظیم کا مقام و پوزیشن اور زیادہ کمزور ہوئی ہے۔
ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے کہا کہ العثیمہ اس سے قبل بھی علاقے اور عالم اسلام کی حساس صورت حال کے عدم ادراک اور خاص طور سے صیہونی حکومت کے مقابلے، فلسطین و بیت المقدس کی آزادی و حمایت میں اسلامی تعاون تنظیم کے موثر و تقدیر ساز کردار و پوزیشن سے ناواقفیت اور اسی طرح علاقے کے حالات کے بارے میں غیر تعمیری اور جانبدارانہ موقف اختیار کر چکے ہیں۔
بہرام قاسمی نے اسلامی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل کو نصیحت کی کہ وہ اس سے زیادہ عالمی استکبار اور غاصب و جعلی صیہونی حکومت کی حمایت نہ کریں۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اسی طرح شام پر قدس کی غاصب اور جابر صیہونی حکومت کے حالیہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملہ صیہونی جارحیت، تسلط پسندی اور جھوٹے دعووں کے ذریعے بحران پیدا کرنے کی ایک واضح مثال ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے صیہونی حکومت کی جارحیت پر عالمی اداروں اور ملکوں کی ڈرامائی خاموشی پر کہا کہ اسرائیل ان ملکوں کی جانب سے ہری جھنڈی دکھانے کی وجہ سے تسلسل کے ساتھ جارحیت کر رہا ہے اور صیہونی جارحیت کے مقابلے کے لئے شام کی حکومت اور عوام کی مزاحمت حق بہ جانب ہے۔
بہرام قاسمی نے کہا کہ اسرائیل شام پر حملہ کر کے اس کوشش میں ہے کہ اپنے پالے ہوئے دہشت گرد گروہوں کی شکست کا بدلہ لے اور طاقت کے توازن کو دہشت گرد گروہوں کے حق میں تبدیل کر دے لیکن اسے اس میں ہرگز کامیابی حاصل نہیں ہو گی۔

ٹیگس