ایشیائی ممالک باہمی تعلقات کو مضبوط بنائیں، رہبر انقلاب اسلامی کی تاکید
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے ایشیائی ملکوں کے درمیان تعلقات اور تعاون کو مضبوط بنائے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
ایران کا دورہ کرنے والے سری لنکا کے صدر میتھری پالا سیری سینا نے اتوار کی شام تہران میں رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای سے ملاقات اور گفتگو کی۔ اس موقع پر رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ ایشیائی ملکوں کو چاہیے کہ وہ ایک دوسرے کے ساتھ زیادہ سے زیادہ تعاون کریں اور ہاہمی تعلقات کو مضبوط بنانے کی کوشش کریں۔
رہبرانقلاب اسلامی نے ایران اور سری لنکا کے درمیان دیرینہ تعلقات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی لین دین کی موجودہ سطح پائی جانے والی گنجائش سے، کہیں کم ہے۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے ایران کی علمی اور تحقیقی ترقی کو دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کے فروغ کا مناسب ذریعہ قرار دیا۔ آپ نے فرمایا کہ اسلامی جمہوریہ ایران سری لنکا کے ساتھ دوستی اور تعاون کو فروغ دینے کے لیے تیار ہے اور اس حوالے سے طے پانے والے سمجھوتوں پرعملدرآمد کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔
سری لنکا کے صدر میتھری پالا سیری سینا نے اس موقع پر اپنی حکومت اور سری لنکا کے عوام کی جانب سے پرجوش سلام پہنچاتے ہوئے امید ظاہر کی کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعاون میں مزید اضافہ ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ ایران فنی، سائنسی اور علمی لحاظ سے ایک ترقی یافتہ ملک ہے اور سری لنکا کی حکومت، اس سلسلے میں ایران کے تجربات سے فائدہ اٹھانے کی خواہاں ہے۔