ایران۔امریکہ مذاکرات کا عالمی خیرمقدم، گوترش اور عالمی برادری کی حمایت
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوترش نے اسلامی جمہوریہ ایران اور امریکہ کے درمیان ہونے والے مذاکرات کا خیر مقدم کیا ہے ادھریورپی یونین اور خلیج فارس تعاون کونسل سمیت کئی ممالک نے سفارت کاری اور مذاکرات کو مسائل کے حل کا بہترین راستہ قرار دیا ہے۔
سحرنیوز/دنیا: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ وہ اسلامی جمہوریہ ایران اور امریکہ کے درمیان شروع ہونے والے مذاکرات کا خیرمقدم کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ ان سے علاقائی کشیدگی کو کم کرنے اور وسیع تر بحران کو روکنے میں مدد ملے گی۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے اس بات کا اعادہ کیا کہ میں ہمیشہ کشیدگی میں کمی اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق تنازعات کے پرامن حل کی حمایت کرتا ہوں۔گوترش نے مزید کہا کہ تمام خدشات پرامن بات چیت کے ذریعے برطرف کیے جا سکتے ہیں اور ایسا ہونا بھی چاہیے۔
ادھر مسقط میں ایران اور امریکہ کے درمیان بالواسطہ مذاکرات کے موقع پر یورپی یونین کی ترجمان نے زور دے کر کہا کہ ایران کے جوہری مسئلے کے پائیدار حل کے لیے سفارت کاری اور مذاکرات ہی واحد راستہ ہیں۔
انیتا ہپر نے مزید کہا کہ ہم نے اپنے تمام رابطوں ميں بشمول بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل جیسے بین الاقوامی فورمز میں، یہ پیغام منتقل کیا ہے کہ یورپی یونین اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ سفارت کاری اور مذاکرات ہی ایرانی جوہری مسئلے کے پائیدار حل کے لیے واحد راستہ ہیں۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel
خلیج فارس تعاون کونسل کے سیکرٹری جنرل جاسم البدیوی نے بھی عمان میں ایران اور امریکہ کے درمیان بالواسطہ مذاکرات کے نئے دور کے انعقاد کا خیرمقدم کیا اور امید ظاہر کی کہ ان مذاکرات کے نتائج خطے میں استحکام اور سلامتی کو برقرار رکھنے میں معاون ثابت ہوں گے۔ ایک پریس بیان میں البدیوی نے عمان کی جانب سے ان مذاکرات کی میزبانی کو ایک قابل قدر اقدام قرار دیا جو افہام و تفہیم اور بات چیت کے ذریعے علاقائی اور بین الاقوامی مسائل کی حمایت میں اس ملک کے تعمیری کردار کی عکاسی کرتا ہے۔
مصر اور قطر نے بھی الگ الگ بیانات میں عمان کی ثالثی سے مسقط میں تہران اور واشنگٹن کے درمیان جوہری مذاکرات کے انعقاد کا خیرمقدم اور حمایت کی ہے۔
قطر کی وزارت خارجہ نے ایک بیان جاری کر کے مسقط میں امریکہ اور اسلامی جمہوریہ ایران کے درمیان مذاکرات کے انعقاد کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ یہ مذاکرات ایک جامع معاہدے پر منتج ہوں گے جو دونوں فریقوں کے مفادات کی تکمیل کے ساتھ ہی علاقائی سلامتی اور استحکام کی تقویت باعث بنے گيں۔
مصری وزارت خارجہ نے بھی ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ قاہرہ، امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کی بحالی کی مکمل حمایت کرتا ہے جو عمان کی ثالثی سے آج مسقط میں منعقد ہوئے۔ بیان میں خاص طور پر سلطنت عمان کی، میزبان ملک اور مذاکرات کے سہولت کار کے طور پر قدردانی کی گئی اور مسقط کی تعمیری کوششوں کو سراہا گيا-
بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل نے رافیل گروسی نے بھی ایران اور امریکہ کے درمیان بالواسطہ مذاکرات کے دوبارہ شروع ہونے کے ساتھ ہی ایٹمی معاملے پر سفارتی عمل کی حمایت کی ہے۔
روس ٹوئنٹی فور کو انٹرویو دیتے ہوئے رافیل گروسی نے کہا کہ ایران کے بارے میں آئی اے ای اے کا مؤقف یہ ہے کہ فریقین مذاکرات کی میز پر واپس آئیں اور ایک ایسا معاہدہ کریں جس سے ایجنسی کے معائنہ کاروں کی ایران میں مکمل واپسی ہو سکے۔