اسلامی ممالک کے درمیان تعلقات کے فروغ پر تاکید
اسلامی جمہوریہ ایران اور ترکی کے صدور حسن روحانی اور رجب طیب اردوغان نے استنبول میں باہمی ملاقات کے دوران دونوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے کے پختہ عزم کا اعادہ کیا ہے۔
صدر حسن نے روحانی نے استنبول میں اسلامی تعاون تنظیم کے ہنگامی سربراہی اجلاس کے موقع پر ترک صدر رجب طیب اردوغان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر صدر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ تہران انقرہ تعلقات کا فروغ نہ صرف دونوں ملکوں کے عوام کے مفاد میں ہے بلکہ اس سے خطے کے امن و استحکام میں بھی مدد ملے گی۔
صدر حسن روحانی نے ایران اور ترکی کے درمیان دوستانہ اور بردارانہ تعلقات کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے دونوں ملکوں کے درمیان بینکاری اور تجارتی تعلقات کے فروغ پر زور دیا۔انہوں نے اسلامی سربراہی اجلاس کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس اجلاس سے واضح ہوگیا ہے کہ اسلامی ممالک مسئلہ فلسطین پر خاص توجہ دے رہے ہیں۔
ترکی کے صدر اردوغان نے بھی استنبول میں اسلامی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کو کامیاب بنانے میں ایرانی صدر اور ان کے ہمراہ وفد کے فعال کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور ترکی کا خطے میں پائیدار امن کے قیام کے سلسلے میں اہم کردار ہے اور دونوں ممالک باہمی اتحاد اور تعاون کے ساتھ خطے میں امن و استحکام کے سلسلے میں کوشش جاری رکھیں گے۔