May ۲۶, ۲۰۱۸ ۱۵:۱۴ Asia/Tehran
  • دشمن ایران کو میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرائت نہیں کرسکتا، وزیر دفاع

ایران کے وزیر دفاع نے کہا ہے کہ ملک کی مسلح افواج آمادگی کی اعلی ترین سطح پر ہیں اور کوئی بھی دشمن ایران کی جانب میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرائت نہیں کرسکتا۔

جنوب مغربی ایران کے شہر دزفول میں شہیدان وطن کی یاد میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع جنرل امیر حاتمی کا کہنا تھا کہ ہم تمام تر دفاعی آلات کی تیاری میں خودکفیل ہیں اور ایران اسلامی نے دفاع کے تمام مورچوں کو مستحکم بنالیا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ ایران کی دفاعی طاقت خطے کے عوام کی سلامتی پر صرف ہوگی اور نہ صرف اس خطے کے عوام بلکہ ساری دنیا کے عوام ایرانی قوم کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے۔

ایران کے وزیر دفاع نے بڑے واضح الفاظ میں کہا کہ امریکہ، اسرائیل اور اس کے چند اتحادیوں کے سوا کوئی ہمارا دشمن نہیں ہے۔

جنرل امیر حاتمی نے یہ بات زور دے کر کہی کہ اسلامی جمہوریہ ایران اپنی دفاعی طاقت کے بھروسے پر عزت و سربلندی کا دفاع کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی عظیم قوم امام خمینی رح کے ہاتھوں پروان چڑھی ہے اور رہبر انقلاب اسلامی کی ہدایت کی روشنی میں اسلامی نظام کا دفاع اور دشمن کے مقابلے میں سیسہ پلائی ہوئی دیوار بنی ہوئی ہے۔

دوسری جانب ایرانی فوج کے اسٹریٹیجک ریسرچ سینیٹر کے سربراہ بریگیڈیئر جنرل احمد رضا پور دستان نے کہا ہے کہ ایرانی فوج کی حکمت عملی دفاعی ہے اور ڈیٹرینس پر استوار ہے تاہم وہ ملک اور اسلامی اقدار کے دفاع کے لیے ہر خطرے سے نمٹنے کے لیے بھی پوری طرح تیار ہے

۔شمال مشرقی ایران کے شہر مشہد مقدس میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بریگیڈیئر جنرل احمد رضا پور دستان نے کہا کہ ایران کی مسلح افواج اعلی سطح کی انٹیلی جینس کی مالک ہیں اور اندرون اور بیرون ملک انجام پانے والی ہر نقل و حرکت پرگہری نگاہ رکھے ہوئے ہیں۔

ایرانی فوج کے اسٹریٹیجک ریسرچ سینیٹر کے سربراہ نے واضح کیا کہ نوجوان سائنسدانوں کی بدولت ملکی دفاع کے لیے ضروری آلات و سائل اندرون ملک تیار کیے جارہے ہیں اور ہماری مسلح افواج پوری قوت کے ساتھ اسلامی نظام اور ملکی سرحدوں کے دفاع کا فریضہ انجام دے رہی ہیں۔

ٹیگس