Jun ۰۴, ۲۰۱۸ ۱۴:۴۱ Asia/Tehran
  • شب ضربت اور شب قدر

شب انیس رمضان المبارک یعنی مولائے کائنات کے سرمبارک پر ضربت لگنے کی شب اور شب قدر کی مناسبت سے اسلامی جمہوریہ ایران کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں میں مجالس غم برپا کی گئیں اور مومنین نے پہلی شب قدر کے اعمال انجام دیئے جس کے دوران پروردگار کے حضور راز و نیاز کے شاندار روحانی اور معنوی مناظر دیکھنے کو ملے۔

عاشقان امامت و ولایت نے اتوار کی رات شب ضربت اور پہلی شب قدر کے موقع پر ایران کے تمام چھوٹے بڑے شہروں کی مساجد، امام بارگاہوں اور مقدس مقامات میں مجالس غم برپا کر کے جہاں تاریخ اسلامی و انسانی کی مظلوم ترین ہستی مولائے کائنات حضرت علی ابن ابیطالب علیہ السلام کے غم میں اشک ماتم بہائے اور نوحہ خوانی و سینہ زنی کی وہیں پہلی شب قدر کے اعمال بجا لا کر رب کائنات کے حضور عبادت و نیائش اور راز ونیاز کا انتہائی خوبصورت معنوی جلوہ پیش کیا-

اس موقع پر مشہد مقدس میں فرزند رسول حضرت امام رضا علیہ السلام کا روضہ اطہر لاکھوں زائرین اور مجاورین سے مملو رہا جو ایران کے دور و نزدیک کے شہروں اور حتی دنیا کے مختلف ملکوں سے وہاں پہنچے تھے-

زائرین نے نوحہ خوانی و سینہ زنی کرنے کے ساتھ ساتھ قرآن کریم کو اپنے سروں پر رکھ کر شب قدر کے مخصوص اعمال انجام دیئے- قم میں جناب فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کے حرم مطہر اور شیراز میں حضرت احمد بن موسی شاہ چراغ کے روضے میں بھی دسیوں ہزار زائرین اور مجاورین نے مجالس غم میں شرکت کرنے کے ساتھ ساتھ اعمال شب قدر انجام دیئے-

انیس، اکیس اور تیئیس ماہ مبارک رمضان کی شبیں شب قدر کہلاتی ہیں اور مومنین ان راتوں میں اللہ کے حضور دعا و نیائش کرتے ہیں اور ساتھ ہی مولائے کائنات کے ایام شہادت پر ان کا غم مناتے ہیں-

ان شبوں میں دعائے جوشن کبیر پڑھنے کا خاص اہتمام ہوتا ہے- شب قدر اس رات کو کہتے ہیں جو پورے سال کی راتوں میں سب سے افضل ہوتی ہے اور اس رات میں بندوں کی تقدیر لکھی جاتی ہے اور اس رات میں خلوص کے ساتھ مانگی گئی دعا بھی ضرور قبول ہوتی ہے-

انیس رمضان المبارک سن چالیس ہجری قمری کو جب مولود کعبہ حضرت علی علیہ السلام مسجد کوفہ میں حالت نماز میں تھے تو ابن ملجم مرادی ملعون نے زہر میں بجھی ہوئی تلوار سے آپ کے سرمبارک پر ضرب لگائی- سرمبارک پر ضربت لگتے ہوئے مولا نے آواز دی فزت و رب الکعبہ رب کعبہ کی قسم میں کامیاب ہو گیا-

دوسری جانب ہاتف غیبی نے صدا دی کہ خداکی قسم ارکان ہدایت منہدم ہو گئے تلوار کی ضرب اتنی گہری تھی کہ امیر المومنین دو روز تک زخم کو تحمل کرنے کے بعد اکیسویں رمضان المبارک کی صبح درجہ شہادت پر فائز ہو گئے- نجف اشرف میں جہاں مولائے کائنات کا حرم مطہر واقع ہے لاکھوں زائرین اور عاشقان ولایت نے شہید محراب کوفہ حضرت علی علیہ السلام کی مظلومانہ شہادت پر مجالس غم میں شرکت کر کے اپنے اپنے مخصوص انداز میں اشکوں کا نذرانہ پیش کیا اور اللہ کے حضور شب قدر میں راز و نیاز کے لئے دست دعا بلند کئے۔

پاکستان اور ہندوستان سمیت دنیا کے مختلف ملکوں میں بھی شب ضربت اور شب قدر انتہائی عقیدت و احترام اور خاص روحانی ماحول میں منائی گئی۔

ٹیگس