یوایف فور کی پیداواری سرگرمیاں دوبارہ شروع
ایران کے شہر اصفہان کے یو ایف فور کیمپس میں پیداواری سرگرمیاں دوبارہ شروع کر دی گئیں۔
صوبہ اصفہان کے گورنر محسن مہر علی زادہ نے پیر کی رات اصفہان کے یورینیم کیمپس یو سی ایف کا دورہ کرنے کے بعد نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یو ایف فور کے نئے یونٹ کی پروڈکشن لائن کا افتتاح کر دیا گیا ہے تاکہ یوایف فور سے م افزودہ یو ایف سکس سے تیار کر سکیں-
انہوں نے اصفہان کے یوسی ایف کیمپس میں یو ایف سکس کی پیداواری سرگرمیاں دوبارہ شروع کرنے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں بے حد خوشی ہے کہ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای اور صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی کے حکم پر تقریبا نو سال بعد دوبارہ اس کیمپس کی سرگرمیاں شروع کر رہے ہیں-
صوبہ اصفہان کے گورنر نے کہا کہ ہم بوشہر ایٹمی بجلی گھر اور ایران کے دیگر ایٹمی ری ایکٹروں کے فیول کے لئے ضرورت کے مطابق یو ایف سکس آئندہ ایک مہینے کے اندر تیار کر لیں گے-
اصفہان میں یو ایف سکس پروڈکشن کیمپس، ایران کے ایٹمی فیول کا اہم ترین کارخانہ شمار ہوتا ہے اور پچھلے مہینے نو سال کے بعد اس کی سرگرمیاں دوبارہ شروع کی گئیں-
ایٹمی معاہدے پر عمل درآمد کے تعلق سے امریکا کی وعدہ خلافیوں کے بعد رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کے حکم کو عملی جامہ پہنانے کے لئے گذشتہ چار جون کو ایٹمی معاہدے کے دائرے میں رہتے ہوئے ایٹمی صنعت کی بعض سرگرمیوں کو دوبارہ شروع کر دیا گیا-