جرمنی میں ایرانی اثاثوں کے منجمد ہونے کی تردید
Jul ۰۸, ۲۰۱۸ ۱۱:۴۱ Asia/Tehran
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ جرمنی میں ایران کے اثاثے منجمد نہیں ہوئے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے ایران اور جرمنی کے اقتصادی روابط کو معمول کے مطابق قرار دیتے ہوئے کہا کہ جمعہ کے روز جرمنی کے وفد نے جوہری معاہدے کے رکن ممالک من جملہ ایران کے ساتھ ویانا میں اقتصادی اور بینکنگ کے شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ کا جائزہ لیا۔
بہرام قاسمی نے کہا کہ بڑے افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ کچھ ممالک گزشتہ چند روز سے ایران اور یورپی ممالک کے تعلقات کو خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور انہوں نے میڈیا میں ایک نفسیاتی جنگ شروع کی ہے جس کا ہوشیاری کے ساتھ مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ بہت سے ذرائع ابلاغ نے جرمنی میں ایران کی فارن کرنسی اکاونٹ کو منجمد کرنے کی خبردی تھی۔