لبنان میں جنگ بندی کا خیر مقدم؛ ایران کی وزارت خارجہ
اسلامی جمہوریہ ایران کے ترجمان دفتر خارجہ نے لبنان میں جنگ بندی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ایران لبنانی حکومت، عوام اور حزب اللہ کی بھرپور حمایت کرنے کا سلسلہ جاری رکھے گا۔
سحرنیوز/ایران: ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے بدھ کی صبح لبنان کے خلاف صیہونی حکومت کی جارحیت کے خاتمے کی خبر کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسلامی جمہوریہ ایران کی طرف سے لبنانی حکومت، قوم اور مزاحمت کی مکمل حمایت پر زور دیا ہے۔
انہوں نے غزہ اور لبنان کے خلاف جنگ کو فوری طور پر بند کرنے کی ضرورت کے سلسلے میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مستقل موقف اور اس مقصد کے حصول کےلیے گزشتہ 14 مہینوں میں ایران کی وسیع سفارتی کوششوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اور کچھ یورپی ملکوں کی حمایت کے ساتھ صیہونی حکومت کی جنگ پسندی اور جرائم کے نتیجے میں 60 ہزار بے گناہ افراد شہید، ایک لاکھ بیس ہزار سے زائد لوگ زخمی ہوئے ہيں اور فلسطین و لبنان کے 35 لاکھ سے زائد لوگ بے گھر ہو ئے ہيں اور لبنان و غزہ میں بنیادی ڈھانچہ تباہ ہو گيا ہے۔
اسماعیل بقائی نے مغربی ایشیا میں امن و استحکام کے تحفظ اور غزہ کے خلاف جنگ روکنے کے لیے جارح صیہونی حکومت پر موثر دباؤ ڈالنے کی عالمی برادری کی ذمہ داری پر بھی زور دیا۔