Aug ۰۳, ۲۰۱۸ ۱۵:۵۷ Asia/Tehran
  • امریکی حکومت سے مذاکرات نا ممکن ہیں، تہران کے خطیب جمعہ

تہران کے خطیب جمعہ نے کہا ہے ایران امریکی حکومت اور امریکی صدر سے مذاکرات نہیں کرے گا۔

تہران کے خطیب جمعہ حجت الاسلام کاظم صدیقی نے کہا کہ امریکی حکام اس لائق نہیں ہیں کہ ان سے مذاکرات کئے جائیں اوراگر کبھی مذاکرات کے بارے میں سوچا بھی گیا تو امریکا کی موجودہ حکومت اور اس امریکی حکومت کے صدر سے مذاکرات تو بالکل ہی نہیں ہوں گے۔

تہران کے خطیب جمعہ حجت الاسلام کاظم صدیقی نے اس ہفتے نماز جمعہ کے خطبوں میں ایران کے ساتھ غیر مشروط مذاکرات کے لئے امریکی صدر ٹرمپ کی پیشکش کے بارے میں کہا کہ ایٹمی معاہدے سے امریکا کی علیحدگی نے امریکا کی موجودہ حکومت کے ساتھ ہر طرح کے مذاکرات کو ناممکن بنادیا ہے۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے تیس جولائی کو دعوی کیا تھا کہ وہ ایران کے ساتھ غیر مشروط مذاکرات کے لئے تیار ہیں - ٹرمپ نے یہ پیشکش ایک ایسے وقت کی ہے جب انہوں نے گذشتہ آٹھ مئی کو ایٹمی معاہدے سے امریکا کے نکلنے اور ایران پر دوبارہ پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔

تہران کے خطیب جمعہ نے پانچ اگست اسلامی انسانی حقوق کے دن کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ مغربی حکام انسانی حقوق کے حامی نہیں ہیں اور جوکچھ اللہ نے مقرر کیا ہے وہی انسانی حقوق ہے اور سبھی انسانوں کے حقوق برابر ہیں۔

انہوں نے شام میں دہشت گردوں کے خلاف شامی فوج اور اسی طرح یمن میں جارح افواج کے مقابلے میں یمنی فوج اور عوامی رضاکارفوس کی کامیابی اور پیشقدمی کو آزادی کی فتح اور امریکا و اسرائیل کی شکست قرار دیا اور کہا کہ جلد ہی سعودی عرب کے حمایت یافتہ دہشت گردوں پر آخری وار کیا جائے گا۔

ٹیگس