Aug ۲۸, ۲۰۱۸ ۱۲:۳۳ Asia/Tehran
  • ایران کے خلاف میڈیا وار

اسلامی جمہوریہ ایران کے ریڈیو اور ٹیلی ویژن کے ڈائریکٹر جنرل نے کہا ہے کہ ایران اس وقت دشمن کی نفسیاتی اور میڈیا وار سے دوچار ہے اور ایرانی قوم کو چاہئیے کہ وہ دشمن کی میڈیا جنگ کا بھر پور طریقے سے مقابلہ کرے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے ریڈیو اور ٹیلی ویژن کے ڈائریکٹر جنرل عبدالعلی علی عسگری نے کل رات ایران کے صوبے چہارمحال و بختیاری میں کہا کہ دشمن مسلح امن کے درپے ہے اور ایران کے خلاف دشمن کی نفسیاتی جنگ کا مقصد ایرانی قوم کے اتحاد وحدت  کو نقصان پہنچاناہے۔

عبدالعلی علی عسگری نے کہا کہ دنیا اس وقت رابطوں کی دنیا میں بدل چکی ہے تاہم عالمی ذرائع ابلاغ 3 حصوں میں بٹ چکی ہے یعنی سامراجی،استقامتی اور معتدل ذرائع ابلاغ میں فعالیت کر رہی ہے۔

ایران کے ریڈیو اور ٹیلی ویژن کے ڈائریکٹر جنرل کا کہنا تھا کہ دشمن اور سامراجی ذرائع ابلاغ کا محاذ طاقت کا مظاہرہ کرنے کیلئے مقابل فریق کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کیلئے ہر قسم کے حربے استعمال کر رہا ہے۔

عبدالعلی علی عسگری نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں میں دشمن نے ایران کے ریڈیو اور ٹیلی ویژن کو نقصان پہنچانے کیلئے تمام حربے استعمال کئے اور اس مقصد کیلئے 290 چینل صرف فارسی زبان میں شروع کئے اوراس کے علاوہ ایرانی عوام کو نا امید کرنے کیلئے سائبر سپیس Cyberspace میں بھی ان کی سرگرمیاں بدستورجاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دشمنوں کا اہم ہتھیار تحقیر، یاس و نا امیدی کے ذریعے پروپگنڈہ کرنا ہے لیکن وہ اس بات سے غافل ہیں کہ امریکہ 21 ہزار ارب ڈالرکا مقروض ہے اور امریکہ حصے بخرے ہونے کے دھانے پر پہنچ چکا ہے۔

ٹیگس