Sep ۱۱, ۲۰۱۸ ۱۹:۱۳ Asia/Tehran
  • ایران افغانستان میں امن و استحکام کے تحفظ کا خواہاں

ایران کے نائب وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے افغانستان میں امن و استحکام کے تحفظ کی ضرورت پر تاکید کی ہے۔

انھوں نے منگل کے روز دارالحکومت کابل میں افغانستان کے چیف ایگزکٹیو عبداللہ عبداللہ سے ملاقات میں کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران، قومی اتحاد اور امن و استحکام کے تحفظ کے لئے افغانستان کی حکومت کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔

انھوں نے ایران اور افغانستان کے درمیان بینکنگ تعاون اور اقتصادی تعلقات کی تقویت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے تاکید کے ساتھ کہا کہ اس وقت دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی لین دین کی شرح تین ارب ڈالر کے برابر ہے۔

سید عباس عراقچی نے داعش گروہ کی دہشت گردانہ سرگرمیوں پر ایران کی تشویش کا بھی اظہار کیا اور کہا کہ ایران، افغانستان کے امن اورسلامتی کو اپنی سلامتی سمجھتا ہے اور وہ داعش دہشت گرد گروہ کے خلاف مہم میں مزید تعاون کا خواہاں ہے۔

اس ملاقات میں افغانستان کے چیف ایگزکٹیو عبداللہ عبداللہ نے بھی افغانستان کی حکومت اور عوام کے لئے اسلامی جمہوریہ ایران کی امداد کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ کابل کی حکومت، دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کی جامع دستاویزات پر دستخط کی خواہاں ہے۔

ٹیگس