ایران و افغانستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پرعزم
ایران اور افغانستان نے دہشت گرد اور تکفیری گروہوں کے خلاف مشترکہ جدو جہد کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
ہمارے نمائندے کے مطابق ایران کے نائـب وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے اپنے دورہ افغانستان کے آخری روز اس ملک کے صدر اشرف غنی سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ایران کے نائب وزیر خارجہ اور افغانستان کے صدر کے درمیان ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیاں اقتصادی تعاون کی تقویت، تجارتی لین دین اور ٹرانسپورٹیشن کے فروغ، مالیاتی لین دین میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے، ماحولیاتی تبدیلیوں، آبی مسائل اور دہشت گردی جیسے معاملات زیر بحث آئے۔
اس سے پہلے ایران کے نائب وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے افغانستان کے چیف ایگزیکٹیو عبداللہ عبداللہ، قومی سلامتی کے مشیر حمداللہ محب، نائب وزیر خارجہ حکمت خلیل کرزئی اور افغانستان میں اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی تادامچی یاماموتو، سے الگ الگ ملاقات کی۔
ایران کے نائب وزیر خارجہ سید عباس عراقچی ایران، افغانستان اور ہندوستان کے سہ فریقی اجلاس میں شرکت کی غرض سے منگل کے روز کابل گئے تھے۔ اس اجلاس کا مقصد سہ فریقی تعاون کے جامع سمجھوتے کے بارے میں تبادلہ خیال کرنا تھا۔