ایران پاکستان سرحد سے ایرانی سیکورٹی اہلکاروں کا اغوا
ایران کے جنوب مشرقی علاقے سے چودہ ایرانی سرحدی محافظوں کو منگل کی صبح ایک دہشتگرد گروہ نے اغوا کرلیاہے
نیوز ایجنسی ارنا نے باخبر ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایرانی سرحدی محافظوں کو ملک کے جنوب مشرقی صوبے سیستان و بلوچستان کے سرحدی شہر میرجاوہ سے ملنے والی پاکستانی سرحد کے قریب واقع علاقے لولکدان سے علی الصبح چار سے پانچ کے درمیان اغوا کیا گيا۔قابل ذکر ہے کہ گزشتہ برسوں کے دوران دہشتگرد گروہوں نے متعدد بار پاکستان سے ملنے والے سرحدی علاقوں پر حملے کئے ہيں اور ایرانی سرحدی محافظوں کو اغوا اور شہید کیا۔سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے القدس ہیڈکوارٹر کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اغوا شدہ سرحدی محافظوں کی بازیابی کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔بیان میں آیا ہے کہ حکومت پاکستان سے توقع ہے کہ وہ ان دہشت گردوں اور شرپسندوں کے خلاف ٹھوس کاروائی کرے گی جنہوں نے ان کی سرحدوں کے قریب اڈے بنا رکھے ہیں۔سپاہ قدس کے بیان کے مطابق دہشت گردوں کو خطے کے بعض رجعت پسند اور دہشت گردوں کو پروان چڑھانے والے ملکوں کی حمایت حاصل ہے۔