Nov ۲۰, ۲۰۱۸ ۱۴:۲۳ Asia/Tehran
  • امریکی پابندیوں سے ایرانی عوام کے عزم میں کوئی خلل واقع نہیں ہوگا، وزیر خارجہ

ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا ہےکہ ایران کے خلاف امریکی پابندیاں ایرانی قوم کے عزائم کی مزید مضبوطی پر منتج ہوں گی۔

ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ امریکی پابندیاں ایران کو مذاکرات پر مجبور نہیں کر سکتیں بلکہ امریکی پابندیوں سے ایران کی استقامت میں مزید استحکام پیدا ہو گا۔

 ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے ایران کے خلاف  امریکہ کی پابندیوں کو یکطرفہ اور ظالمانہ قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی پابندیوں سے ایران کی استقامت میں مزید استحکام پیدا ہو جائے گا۔

ایرانی وزیر خارجہ نے برطانوی وزیر خارجہ جیرمی ہنٹ  سے ملاقات کے بعد برطانوی اخبار گارڈین کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کے دباؤ کا مقابلہ کرنا ہماری عادت بن گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ اقتصادی پابندیوں سے ہمیشہ عوام کو نقصان پہنچا ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم امریکی پابندیوں کا ماضی کی طرح ڈٹ کر مقابلہ کریں گے اور ہم اقتصادی میدان میں بھی امریکہ کو شکست اور ناکامی سے دوچار کر دیں گے۔

ایران کے وزیر خارجہ  نے امریکی وزیر خارجہ مایک پمپیو کے اس بیان پر کہ امریکی پابندیوں سے روز مرہ کے استعمال کی اشیاء پر اثر نہیں پڑا ہے، کہا کہ پابندیاں چونکہ مالی ہیں اس لئے غذائی اشیاء اور ادویات اس سے متاثر ہوئی ہیں۔

 ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف اور برطانوی وزیر خارجہ جرمی ہنٹ نے  پیر کو تہران میں اپنی ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور مختلف میدانوں میں روابط منجملہ یورپ کے نئے مالیاتی نظام ایس پی وی کے قیام سے متعلق مسائل پر گفتگو کی۔

برطانوی وزیر خارجہ نے ایران کے وزیر خارجہ سے ملاقات کے بعد ایران کی اعلی قومی سیکورٹی کونسل کے سکریٹری علی شمخانی سے بھی ملاقات کی۔

اس ملاقات میں ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری نے امریکا کے ذریعے ایٹمی معاہدے کی خلاف ورزی پر یورپ کے کمزور ردعمل پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایٹمی معاہدے کی خلاف ورزی واشنگٹن کے ذریعے یورپی یونین کی ساکھ اور وقار کو نقصان پہنچائے جانے کے مترادف ہے۔

ٹیگس