ایران نے افغان عوام اور حکومت کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے افغان حکومت اور عوام سے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
بہرام قاسمی نے پیغمبر رحمت حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلیہ وسلم کے جشن میلاد کے پروگرام پر کیے جانے والے دہشت گردانہ حملے کو جس میں متعدد اہلسنت علمائے کرام بھی شہید ہوئے ہیں، انتہائی ہولناک اور گھناؤنا جرم قرار دیا ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ اس بزدلانہ اور گھناؤنے اقدام کا مقصد افغانستان میں فرقہ وارانہ فسادات کی آگ بھڑکانا ہے۔
بہرام قاسمی نے امید ظاہر کی کہ افغانستان کے عوام باہمی اتحاد اور اسلامی بھائی چارے کو قائم رکھتے ہوئے دہشت گردوں کو اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ افغان عوام اپنے اتحاد اور حکومت کی حمایت و پشتپناہی کے ذریعے دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنا دیں گے۔
واضح رہے کہ منگل کی شام افغانستان کے دارالحکومت کابل میں عید میلادالنبی (ص) کی تقریب کے دوران خودکش دہشت گردانہ دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں کم از کم ساٹھ افراد شہید اور اسی سے زائد زخمی ہو گئے۔