ایران مخالف امریکی الزام پر ایران کا ردعمل
اسلامی جمہوریہ ایران نے کیمیائی ہتھیاروں پر پابندی کے کنونشن کی خلاف وزری سے متعلق امریکی الزام کو سختی سے مسترد کردیا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کےترجمان دفترخارجہ بہرام قاسمی نے کہا کہ ہیگ میں کیمیائی ہتھیاروں پر پابندی کے کنونشن کے اجلاس کے دوران امریکی وفد نے ماضی کی طرح ایران پر بے بنیاد الزامات عائد کردئے جسے ہم مسترد کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اجلاس کے قانون و ضوابط کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے وفد کے اراکین اس اجلاس کی جنرل نشست کے اختتام پر امریکی الزامات کا تفصیلی جواب دیں گے۔
ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ امریکہ کیمیائی ہتھیاروں پر پابندی کے کنونشن کا واحد رکن ملک ہے جس کے پاس بھاری مقدار کے کیمیائی ہھتیار ہیں اور اس نے کمیائی ہتھیاروں کی تلفی سے متعلق معاہدے پر بھی ہرگز عمل نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ نہ صرف اپنے وعدوں پر عمل نہیں کرتا بلکہ اس نے ناجائز صہیونی ریاست اور دہشتگرد گروہوں کے پاس موجود کیمیائی ہتھیاروں پر خاموش رہتے ہوئے ان کی حمایت بھی کی ہے۔ بہرام قاسمی نے کہا کہ ایران کے خلاف الزامات کا مقصد امریکہ کا ایرانی عوام سے دشمنی اور عالمی رائے عامہ کو دھوکہ دینا ہے۔