Dec ۳۰, ۲۰۱۸ ۱۴:۰۷ Asia/Tehran
  • ایران عالمی سامراج کو شکست دینے کی طاقت رکھتا ہے، جنرل سلامی

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ڈپٹی کمانڈر بریگیڈیئر جنرل حسین سلامی نے کہا ہے کہ ایران نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ عالمی سامراجی طاقتوں کو شکست دینے کی توانائی رکھتا ہے۔

اتوار کے روز تہران میں یوم بصیرت کی عظیم الشان عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے بریگیڈیئر جنرل حسین سلامی نے کہا کہ ایران میں اسلامی انقلاب کی کامیابی نے امریکہ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا اور ایران سے شاہی نظام کے خاتمے نے سامراجی نظام کی چولیں ہلا کر رکھ دیں۔
 انہوں نے کہا کہ اسلامی انقلاب کی کامیابی امریکہ کی پہلی واضح شکست تھی جو ایرانی عوام کے نام ثبت ہے اور اس کے جھٹکے آج  بھی امریکہ اور اس کے اتحادیوں کو محسوس ہو رہے ہیں۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ڈپٹی کمانڈر نے کہا کہ تہران میں امریکی سفارت خانے کی آڑ میں قائم جاسوسی کے اڈے پر انقلابی طلبہ کے قبضے نے ایران میں امریکہ کی بالادستی کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی تھی۔
 بریگیڈیئر جنرل حسین سلامی نے مزید کہا کہ ایران کے عوام نے تیس دسمبر دو ہزار نو  کو ملکی تاریخ میں ایک اور کارنامہ رقم کیا جو اس قوم کی تاریخ میں اہم سنہرے باب کے طور پر ثبت ہے۔

ٹیگس