Dec ۳۰, ۲۰۱۸ ۱۴:۳۲ Asia/Tehran
  • 9 دی مطابق 30 دسمبر ایرانی عوام کی عزت و آزادی اور بصیرت کے مظاہرے کا دن

نو دی ماہ مطابق تیس دسمبر دو ہزار نو کی عظیم الشان ملک گیر ریلیوں میں ایرانی عوام کی تاریخی اور بھرپور شرکت نے پوری دنیا پر ثابت کر دیا کہ وہ اپنے انقلاب اور رہبر کے وفادار ہیں اور دل و جان سے اس راہ میں قربانیاں دینے کو تیار ہیں۔ جبکہ یہ تاریخ ایرانی عوام کے قابل فخر کارناموں کے ایک سنہری باب کی بھی حیثیت رکھتی ہے۔

اتوارنو دی مطابق تیس دسمبر دو ہزار اٹھارہ کو اسلامی جمہوریہ ایران کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں آج صبح خصوصی ریلیاں نکالی گئیں جن میں عوام کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ اس موقع پر اسلامی جمہوریہ ایران کی فضا عالمی سامراجی عناصر خاص طور سے امریکہ کے خلاف فلک شگاف نعروں سے گونجتی رہی۔

نو دی ماہ مطابق تیس دسمبر کی تاریخ استقلال و آزادی اور ایرانی عوام کی بصیرت کے مظاہرے کا دن ہے جو اسلامی اصولوں اور انقلابی امنگوں کی راہ میں ڈٹ گئے اور ببانگ دحل اعلان کیا کہ اگر دشمن ان کے دین کے مقابلے میں آیا تو وہ  پوری دنیا کے سامنے ڈٹ جائیں گے۔

اس دن کو ایران کی اسلامی انقلاب کی تاریخ میں یوم اللہ قرار دیا گیا اس لئے کہ اس تاریخی دن اور اہم موقع پر ایرانی قوم نے جو ہمیشہ اسلامی اور انقلابی امنگوں کے راستے پر گامزن رہی ہے ایک اور عظیم کارنامہ انجام دیا۔

آج کی تاریخ میں ایرانی عوام نے میدان عمل میں اپنی بھرپور موجودگی کے ساتھ فتنہ پرور عناصر کے عزائم پسپا کرتے ہوئے اسلامی جمہوری نظام کی حمایت کا اعلان اور اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی حضرت امام خمینی رح اور رہبر انقلاب اسلامی ایت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کی اعلی و ارفع امنگوں سے تجدید عہد کیا۔

اس دن ایرانی عوام نے فتنہ پرور عناصر کو شکست دیتے ہوئے اہم کامیابی حاصل کی اور دارالحکومت تہران اور ایران کے مختلف بڑے چھوٹے شہروں میں جوش و ولولے کے ساتھ باہر نکل کر پوری دنیا کے لوگوں کو اپنے پختہ عزائم سے آگاہ کیا کہ وہ اسلامی و انقلابی امنگوں اور اس مقدس راہ پر گامزن ہیں اور ان امنگوں کا کبھی کوئی سودا نہیں کریں گے۔

دریں اثنا اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ ( مجلس شورای اسلامی) کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے اتوار کی صبح پارلیمنٹ کے عام اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے 30 دسمبر (9 دے ماہ) کی آمد کی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ چند ماہ کی کشمکش کے بعد ایرانی قوم نے بالآخر 30 دسمبر (9 دےماہ) کو اندرونی اور بیرونی فتنہ انگیزیوں اور شرپسندوں کے خلاف کامیابی حاصل کی اور اسی وجہ سے اسلامی انقلاب کے 40 سالہ دور میں ہمیشہ اندرونی او بیرونی بحرانوں پر کامیابی کے ساتھ قابو پا لیا گیا۔ 

واضح رہے کہ آج کی یہ تاریخ 30 دسمبر2009  کو اس سازش کی یاد دلاتی ہے جسے ایران کے غیور اور انقلابی قوم نے اپنی ہوشیاری، آگاہی اور بصیرت افروز اقدامات سے ناکام بنا دیا اور امریکہ اور اس کے آلہ کاروں کو ایک بار پھر ذلت آمیز شکست سے دوچار کر دیا۔ کیونکہ دشمن اس بار ایران کے صدارتی انتخابات میں دھاندلی کا بہانہ بنا کر ایران کے حالات کو خراب کرنے کی کوشش کر رہا تھا جس میں اسے ایک بار پھر منہ کی کھانی پڑی اور ایرانی عوام اور قوم ایک بار پھر سے سرخرو ہوئی۔

بلاشبہ اگر رہبر انقلاب اسلامی کی عظیم بصیرت و درایت اور عوام کی حمایت و ہوشیاری نہ ہوتی اور ایرانی عوام ولایت فقیہ کے ہمراہ نہ ہوتے تو فتنے کی آگ اتنی جلدی خاموش نہ ہو جاتی اور ملک کے لئے منفی نتائج برآمد ہونے لگتے۔ مگر اس حساس موقع پر رہبر انقلاب اسلامی کی گرانقدر تدبیر و بصیرت اور رہنمائی کے نتیجے میں پوری قوم دشمنوں کی جانب سے پیدا کئے جانے والے فتنے میں اسیر ہونے سے بچ گئی اور اپنی راہ جاری رکھنے پر گامزن ہو گئی۔

قابل ذکر ہے کہ نو دے ماہ مطابق تیس دسمبر ایران کے انقلابی عوام نے سڑکوں پر نکل کر ایران کی اسلامی و انقلابی تاریخ میں اس دن کو یادگار دن بنا دیا اور فتنے کی بساط لپیٹ کر رکھ دی۔

ٹیگس