زمینی، فضائی اور آبی سرحدوں کے دفاع کی بھرپور توانائی رکھتے ہیں، جنرل باقری
Jan ۰۱, ۲۰۱۹ ۱۹:۵۱ Asia/Tehran
ایران کے چیف آف آرمی اسٹاف میجر جنرل محمد باقری نے کہا ہے کہ ایران اپنی زمینی، فضائی اور آبی سرحدوں کے دفاع کی بھرپور توانائی رکھتا ہے۔
منگل کے روز جنوبی ایران کی بندرگاہ جاسک کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے میجرجنرل محمد باقری نے کہا کہ مکران کے ساحلوں کی ترقی اورسرحدوں کا تحفظ ایران کی دفاعی اسٹریٹجی کا حصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملکی سرحدوں اور خاص طور سے آبی حدود کی حفاظت، مسلح افواج کی ترجیحات میں سرفہرست ہے۔
ایران کی مسلح افواج کے سربراہ نے مزید کہا کہ ملک کی سمندری حدود سے گزرنے والے تمام تجارتی جہازوں کو تحفظ فراہم کرنا ایرانی بحریہ کی ذمہ داری ہے اور ہم یہ ذمہ داری بخوبی انجام دے رہے ہیں۔
میجرجنرل باقری کا کہنا تھا کہ ایران کی مسلح افواج کھلے سمندروں میں بحری قزاقی کا بھی کامیابی کے ساتھ مقابلہ کر رہی ہے۔