Jan ۰۲, ۲۰۱۹ ۱۸:۰۳ Asia/Tehran
  • فلسطینی گروہوں میں اتحاد کی ضرورت پر صدر ایران کی تاکید

ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ فلسطینی قوم اسرائیل کے مقابلے میں استقامت اور جدوجہد جاری رکھ کر ہی اپنے پامال شدہ حقوق حاصل کر سکتی ہے۔

ڈاکٹرحسن روحانی نے تہران میں جہاد اسلامی فلسطین کے سیکریٹری جنرل زیاد النخالہ سے گفتگو میں غاصب صیہونی حکومت کے مظالم و جرائم کے مقابلے میں فلسطینی قوم کی ستر سالہ استقامت و مزاحمت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانان عالم کو چاہئے کہ فلسطینی امنگیں پوری ہونے تک فلسطینیوں کی حمایت کرتے رہیں۔
صدر مملکت نے فلسطینی گروہوں میں اتحاد کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ فلسطینی قوم، اسرائیل کے مقابلے میں استقامت اور جدوجہد جاری رکھ کرہی اپنے پامال شدہ حقوق حاصل کر سکتی ہے۔
اس ملاقات میں جہاد اسلامی فلسطین کے سیکریٹری جنرل نے بھی مزاحمتی قوتوں کی توانائی اور مقبوضہ فلسطین کی صورت حال کے بارے میں ایک رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ بلا شبہ ایران کے اصولی مواقف اس سازش کو ناکام بنانے میں خاص اہمیت کے حامل ہیں کہ جس کے تحت فلسطین کا مسئلہ کنارے لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
انھوں نے کہا کہ فلسطینی قوم اپنے حقوق کی بحالی تک جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹے گی اور تمام تر دباؤ اور دھمکیوں کے باوجود غزہ میں فلسطینیوں کی استقامت اس کا واضح ثبوت ہے۔

ٹیگس