Jan ۱۶, ۲۰۱۹ ۲۱:۰۴ Asia/Tehran
  • امریکا ایرانی عوام پر دباؤ ڈال کر کوئی نتیجہ حاصل نہیں کرسکے گا، صدر روحانی

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ امریکا ایرانی عوام پر دباؤ ڈالنے کے منصوبے میں کامیاب نہیں ہوسکے گا۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کابینہ کے وزیروں اور صوبائی گورنروں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی عوام کی طاقت و توانائی کی وجہ سے امریکی حکام کو پریشانی لاحق ہے اسی لئے وہ ایران پر زیادہ سے زیادہ دباؤ ڈالنے کی کوشش کرتے ہیں لیکن وہ اپنی اس کوشش میں کامیاب نہیں ہوسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی حکام اپنے وعدوں کے برخلاف اور علاقے کے چند ملکوں کے ساتھ مل کر ایرانی عوام پر زیادہ سے زیادہ دباؤ ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں لیکن ایرانی عوام اور حکومت کی ہوشیاری اور تعاون سے یہ سازشیں ناکام ہوجائیں گی۔

صدر ایران  نے ہمسایہ ملکوں کے ساتھ ایران کے تعاون کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایران کے پرائیویٹ سیکٹر نے سبھی ملکوں خاص طور پر ہمسایہ ملکوں کے نجی شعبوں کے ساتھ قریبی تعلقات برقرار کئےہیں اور یہ تعاون جاری رہے گا۔

صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے اس بات  کا ذکرکرتے ہوئے کہ نقل وحمل کے شعبے میں قابل ذکر اقدامات انجام دئے گئے ہیں کہا کہ اس وقت دس مزید مال بردار بحری جہاز بحری ٹرانسپورٹ میں شامل کئے گئے ہیں۔ انہوں نے ایران کے ذریعے خلا میں بھیجے گئے سیٹلائٹ کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے سیٹلائٹ تیار اور اسے خلا میں روانہ کرنے کے میدان میں بڑی کامیابیاں حاصل کر لی ہیں - ان کا کہنا تھا کہ اس شعبے میں کچھ معمولی سی فنی مشکلات ہیں جو حل  کرلی جائیں گی۔

ایران نے بدھ کو ایک سیٹلائٹ خلا میں روانہ کیا تھا جس نے اپنے مشن کے دو مرحلے کامیابی کے ساتھ انجام دیا لیکن تیسرے مرحلے میں وہ زمین کے مدار میں نہیں پہنچ سکا۔

ایران کے وزیرمواصلات نے کہا ہے کہ ایران اپنا خلائی پروگرام پوری قوت کے ساتھ جاری رکھے گا۔

ٹیگس