Jan ۳۰, ۲۰۱۹ ۱۳:۵۶ Asia/Tehran
  • اسلامی انقلاب اندرونی اور بیرونی طاقتوں کے مقابلے میں عوامی استقامت کے نتیجے میں کامیاب ہوا، صدر مملکت ڈاکٹر روحانی

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے امام خمینی رح کو ایران کے اسلامی انقلاب کا عظیم معمار عصر حاضر کا سب سے بڑا مجدد اسلام قرار دیا ہے۔

کابینہ کے ہمراہ امام خمینی رح  کے مزار پر حاضری دینے کے بعد صحافیوں سے مختصر بات چیت کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ امام خمینی رح دور حاضر کے سب سے بڑے  مجدد دین اور ایران کے اسلامی انقلاب کے بانی ہیں جنہوں نے عوامی حمایت کے ذریعے اندرونی اور بیرونی طاقتوں کے مقابلے میں کامیابی حاصل کی۔
ایران کے صدر نے امام خمینی رح کی قیادت میں اسلامی انقلاب کی کامیابی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ چالیس برس قبل اس سرزمین پر جو انقلاب رونما ہوا اس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی۔
ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ امام خمینی رح نے لوگوں کو روشن مستقبل کی نوید دی اور اسلامی قوانین کی اساس پر خود مختار ملک کے قیام کا نظریہ پیش کر کے کروڑوں ایرانیوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا جو واقعی بے مثال کارنامہ ہے۔
صدر ایران نے اسلامی جمہوریہ  کے قیام کو امام خمینی رح کا اہم ترین کارنامہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس نظام کا قیام بھی ریفرنڈم کے ذریعے عوامی رائے کی بنیاد پر عمل میں لایا گیا ہے۔
انہوں نے اتحاد و یکجہتی کو وقت کی اہم ترین ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ امام خمینی رح بھی اتحاد کی حفاظت پر سب سے زیادہ زور دیا کرتے تھے۔
صدر ایران نے امریکہ، اس کے حامیوں اور خطے کے رجعت پسندوں کے مقابلے میں ایرانی قوم کے اتحاد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اتحاد کے ذریعے تمام مشکلات پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

ٹیگس