Mar ۰۹, ۲۰۱۹ ۱۷:۴۷ Asia/Tehran
  • انسداد منشیات کے میدان میں تعاون، ایران اور روس کے درمیان معاہدے پر دستخط

ایران اور روس نے انسداد منشیات کے میدان میں تعاون کے سمجھوتے پر دستخط کئے ہیں۔

ایران کے اینٹی نارکوٹکس بورڈ کے سربراہ اسکندر مومنی اور روس کے وزیرداخلہ ولادیمیر کولوکولتسف نے ماسکو میں انسداد منشیات کے میدان میں تعاون کے لئے تین سالہ مشترکہ اقدامات کے پروگرام پر دستخط کئے۔ فریقین نے منشیات کے خلاف مہم کو پوری سنجیدگی کے ساتھ جاری رکھنے پر زوردیا۔

روس کے وزیرداخلہ نے انسداد منشیات کے میدان میں ایران کی کوششوں کی تعریف اور منشیات کے خلاف میں رابطوں اور تعاون کا دائرہ مزید وسیع کرنے کے لئے ماسکو کی آمادگی کا اعلان کرتے ہوئے انسداد منشیات کے میدان میں علاقائی اور عالمی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔

روسی وزیر داخلہ نے  کہا کہ ایران، منشیات کی طلب کی سطح کو کم کرنے، منشیات کے استعمال کے پیشگی سد باب اور منشیات کے عادی لوگوں کو اس عادت سے نجات دلا کر دوبارہ انہیں معاشرے میں سرگرم بنانے میں اہم  کردار ادا کر رہا ہے۔

ایران کے انسداد منشیات کے ادارے کے سربراہ اسکندر مومنی اور روسی دوما میں سلامتی اور انسداد بدعنوانی کمیٹی کے سربراہ کے درمیان ملاقات میں بھی منشیات کے خلاف ہمہ جہتی مہم پر زور دیا گیا۔

ایران اور روس کے عہدیداروں نے کہا کہ اگر سبھی ممالک اپنی مشترکہ بین الاقوامی ذمہ داریوں پر عمل کریں تو دہشت گردی اور منشیات کا خاتمہ ہوجائے گا۔ اور اس لعنت کے خلاف جنگ کا بوجھ صرف چند ملکوں پر نہیں رہ جائے گا۔

ٹیگس