امریکہ مغربی ایشیا میں کشیدگی باقی رکھنا چاہتا ہے، بہرام قاسمی
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے کہا ہے کہ امریکہ جھوٹے، غلط، منگھڑت اور غیر حقیقت پسندانہ دعؤوں کے ذریعے بظاہر ناقابل حل متعدد بحرانوں کی بنا پر مغربی ایشیا کی صورت حال جوں کی توں باقی رکھنا چاہتا ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے جمعرات کے روز انرجی کے سالانہ اجلاس میں عراق کے ساتھ ایران کے تعلقات اور اسی طرح اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ساتھ ملاقات میں امریکی وزیر خارجہ مائیک پمپیؤ کے تکراری، غیر اہم دعؤوں اور بیانات پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ ایران اور عراق کے تعلقات مکمل طور پر دونوں ملکوں کے رہنماؤں کے عزم و ارادے اور دونوں ممالک کی قوموں کی خواہش کی نیز باہمی احترام و اعتماد اور ایک دوسرے کے مفادات کی بنیاد پر استوار ہیں۔
بہرام قاسمی نے کہا کہ امریکہ کی مداخلت پسندانہ پالیسیوں کے برخلاف ایران اور عراق، ایک دوسرے پر اپنا عزم اور خواہشات و مطالبات مسلط کرنے کے درپے نہیں ہیں۔
ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ساتھ ملاقات میں امریکی وزیر خارجہ کے تکراری دعؤوں کے بارے میں بھی کہا کہ امریکہ کی موجودہ پالیسیاں ہزاروں بے گناہ انسانوں کی جانوں کے ضیاع اور علاقے کے بعض ملکوں کی بنیادی تنصیبات کی تباہی، علاقے کے مختلف ملکوں کے درمیان کشیدگی و اختلافات میں شدّت اور امریکی ہتھیاروں کی سپلائی و برآمدات میں اضافے نیز اس کے نتیجے میں امریکہ کی بے تحاشہ آمدنی پر منتج ہو رہی ہیں۔
امریکی حکام کی جانب سے ایران کے خلاف من گھڑت، جھوٹے اور تکراری و بے بنیاد الزامات ایسی حالت میں عائد کئے جا رہے ہیں کہ غاصب صیہونی حکومت کے لئے بے دریغ حمایت، یمنی عوام کے خلاف سعودی اتحاد کی جارحیت کی حمایت، ایران میں بحران و بدامنی پھیلانے کی کوشش اور شام میں دہشت گرد گروہوں کی حمایت جیسی، حکومت امریکہ کی پالیسیاں علاقے میں بحران و بدامنی اور کشیدگی کا باعث بنی ہوئی ہیں۔