May ۰۴, ۲۰۱۹ ۱۷:۴۶ Asia/Tehran
  • ایران کے مقابلے میں کوئی دشمن کامیاب نہیں ہو سکتا، صدر مملکت

ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ایرانی عوام کے اتحاد اور یکجہتی کی بدولت کوئی بھی دشمن ایران کے خلاف اپنی سازشوں میں کامیاب نہیں ہو ‎سکتا۔

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے یوم اساتذہ کی مناسبت سے منعقدہ ایک تقریب سے اپنے خطاب میں ایران کے خلاف پابندیوں اور دھونس دھمکیوں کے مقاصد کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران اپنی عظمت و وقار، آزادی اور علاقے و دنیا کے ایک با اثر ملک کی حیثیت سے امریکہ کے لئے ناقابل برداشت بنا ہوا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ایران کے اسلامی انقلاب کی بنیاد ہی آزادی پر رہی ہے جبکہ امریکہ اپنے ناجائز مقاصد کے حصول کے لئے ایران کے زرمبادلہ کے ذخائر کم کرنے کی کوشش کر رہا ہے حالانکہ اسلامی جمہوریہ ایران نے اس سازش کا بھی مقابلہ کرنے کے لئے منصوبہ تیار کر رکھا ہے۔

ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ ایران سے تیل خریدنے والے ملکوں کو امریکہ سے چھوٹ ملے یا نہیں ایران اپنا تیل فروخت کرتا رہے گا اور اس کے تیل کی برآمدات کو صفر پر ہرگز نہیں پہنچایا جا سکے گا۔

انھوں نے ایٹمی معاہدے کے نفاذ میں رکاوٹ پیدانے کے لئے غاصب صیہونی حکومت اور سعودی عرب کی آل سعود حکومت کی سازشوں کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ امریکہ کی موجودہ حکومت، نسل پرست و انتہا پسند صیہونیوں اور سعودی عرب کے سرمائے کی بدولت تخریبی اقدامات کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔

ٹیگس