May ۱۴, ۲۰۱۹ ۱۵:۲۹ Asia/Tehran
  • ایران اس سے کہیں زیادہ قوی اور طاقتور ہے کہ اسے دھمکایا جا سکے، صدر مملکت

ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ایران اور ایرانی قوم اس سے کہیں زیادہ قوی اور طاقتور ہے کہ اسے ڈرایا اور دھمکایا جا سکے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے ملک کے اہلسنت علماء اور اہم شخصیات سے ہونے والی ملاقات کے موقع پر کہا ہے کہ ہم دشمنوں کو شکست دے کر اس مشکل دور سے بھی با وقار طریقے سے نکل جائیں گے۔
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے اسلامی انقلاب اور ملکی امور میں اہلسنت افراد کی فعال سرگرمیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے اہلسنت مسلمان انتخابات میں بھر پور شرکت کر کے اپنے امیدواروں کو کامیاب بنانے میں اپنے ووٹ کا استعمال کرتے ہیں۔
ایران کے صدر کا کہنا تھا کہ ایران کا اسلامی انقلاب کسی خاص مذہب کے لیے نہیں ہے اور اسلامی انقلاب میں تمام مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد نے کام کیا اور یہ تمام لوگ اس ملک اور اسلامی انقلاب سے تعلق رکھتے ہیں۔
صدرِ مملکت حسن روحانی نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ سرحدی علاقوں میں بسنے والے ایران کے اہلسنت مسلمانوں نے اسلامی انقلاب کی کامیابی کے ابتدائی ایام سے ہی اسلامی انقلاب کے لیے اپنی وفاداری کا اعلان کیا اور آج بھی اپنے اس عزم پر قائم ہیں، کہا کہ ایران کے شیعہ اور سنی مسلمان ایک دوسرے کے کاندھے سے کاندھا ملا کر ایران کی ترقی و پیشرفت میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔

ٹیگس