May ۱۷, ۲۰۱۹ ۱۱:۰۴ Asia/Tehran
  • ایران نے کی صنعا پر سعودی جارحیت کی شدید مذمت

اسلامی جمہوریہ ایران نے سعودی قیادت میں فوجی اتحاد کی جانب سے یمنی دارالحکومت صنعا کے رہائشی علاقوں پر فضائی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران  کےترجمان دفترخارجہ سید عباس موسوی نے اپنے ایک بیان میں صنعا میں سعودی اتحاد کے حالیہ فضائی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی جس میں بچوں اور خواتین سمیت درجنوں افراد شہید اور زخمی ہوئے ۔

ایران کی وزارت خارجہ کےترجمان نے کہا کہ یمن پر جارحیت کرنے والوں کے حامی انھیں مہلک ہتھیار فراہم کرکے مظلوم یمنی عوام کے قتل عام میں برابر کے شریک ہیں جنہیں جوابدہ ہونا ہوگا ۔

سید عباس موسوی نے کہا کہ انسانی حقوق کے نام نہاد علمبردار نہ صرف یمن پر مسلط کردہ جنگ پر خاموش ہیں بلکہ وہ جارحیت کرنے والوں کو مہلک ہتھیار بھی فراہم کررہے ہیں ۔

واضح رہے کہ یمن کے دارالحکومت صنعا پر سعودی اتحاد کی تازہ وحشیانہ جارحیت میں 4 بچوں سمیت 6 عام شہری شہید اور 71 زخمی ہو ئے۔

سعودی عرب نے امریکا اور اسرائیل کی حمایت  سے اور اتحادی ملکوں کے ساتھ مل کر چھبیس مارچ دوہزار پندرہ سے یمن پر وحشیانہ جارحیتوں کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے ۔ اس دوران سعودی حملوں میں دسیوں ہزار یمنی شہری شہید اور زخمی ہوئے ہیں جبکہ دسیوں لاکھ یمنی باشندے اپنے گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوئے ہیں ۔

یمن کا محاصرہ جاری رہنے کی وجہ سے یمنی عوام کو شدید غذائی قلت اور طبی سہولتوں اور دواؤں کے فقدان کا سامنا ہے ۔

 سعودی عرب نے غریب اسلامی ملک یمن کی بیشتر بنیادی تنصیبات اسپتال اور حتی مسجدوں کو بھی منہدم کردیا ہے لیکن اس کے باوجود سعودی عرب یمن پر مسلط کردہ جنگ میں اپنے اہداف تک پہنچنے میں بری طرح ناکام ہوگیا ہے۔

ٹیگس