بیت المقدس قابل فروخت چیز نہیں ہے، ایرانی وزیر خارجہ
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ قدس قابل فروخت نہیں ہے۔اسی کے ساتھ ایران کی وزارت خارجہ نے عالمی یوم قدس کو ستر سال سے جلاوطنی اور غاصب صیہونی حکومت کے ظلم و ستم کا نشانہ بننے والے محصور فلسطینی عوام کی مظلومیت اور اپنے حقوق کے لئے ان کی مجاہدت کا مظہر قرار دیا ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ نے جمعرات کو ایک بیان جاری کرکے کہا کہ غاصب صیہونی حکومت نے اپنی تشکیل کے بعد پوری تاریخ میں انواع و اقسام کے وحشیانہ جرائم، قتل عام، نسلی تصفیے، ہزاروں فلسطینی بچوں کو یتیم کرنے اور ناجائز قبضے کی توسیع کے اقدامات کئے ہیں جس کے نتیجے میں خطے میں بدامنی اور عدم استحکام پھیلا ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے بیان میں مسئلہ فلسطین کو اسلامی دنیا کا اہم ترین مسئلہ قرار دیا گیا ہے اور مسلمین عالم سے اپیل کی گئی ہے کہ فلسطین کے خلاف امریکا کے ناپاک سازشی منصوبے سینچری ڈیل کے خلاف بھر پور مزاحمت کریں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ مظلوم فلسطینی عوام کے حقوق کی بحالی کے بغیر اس خطے میں پائیدار امن قائم نہیں ہوسکتا۔
ایرانی وزارت خارجہ کے بیان میں مسلمین عالم سے عالمی یوم قدس کے جلوسوں، ریلیوں اور پروگراموں میں بھر پور شرکت کی اپیل کی گئی ہے۔
اس دوران وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے بدھ کی رات اسلامی ملکوں کے سفیروں کے اعزاز میں دی گئی افطار پارٹی سے خطاب میں اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ قدس کا سودا نہیں کیا جاسکتا، کہا کہ قدس قبلہ اول اور سبھی مسلمانوں کی آرزوؤں کا مرکز ہے۔
انھوں نے کہا کہ اس وقت اسلامی دنیا کی حالت بہت دردناک ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ اس سے زیادہ المناک اور خطرناک بات اور کوئی نہیں ہوسکتی کہ اس خطے کی بعض ممالک شرمناک سازشی منصوبے سنیچری ڈیل کی حمایت کر رہے ہیں۔