Dec ۱۹, ۲۰۲۵ ۰۰:۱۴ Asia/Tehran
  • روس کے ہائپر سونک ایٹمی میزائل بیلاروس میں تعینات کر دیے گئے

بیلاروس کے صدر نے بتایا ہے کہ ان کے ملک میں روس کے  ہائپر سونک ایٹمی میزائل تعینات کردیئے گئے ہیں۔

سحرنیوز/دنیا: ارنا کی رپورٹ کے مطابق بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو نے جمعرات کو بتایا کہ روس کے ہائپرسونک ایٹمی میزائل "اوریشنک" ان کے ملک میں تعینات کر دیئے گئے ہیں۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے حوالے سے ارنا کی رپورٹ کے مطابق  صدر الیگزینڈر لوکاشینکو نے اپنی سالانہ تقریر میں کہا کہ اوریشنک میزائل کل (بدھ) بیلاروس میں تعینات کیے گئے اور اس وقت جنگی ذمہ داریوں سے مربوط معمول کا کام کر رہے ہیں۔

بیلا روس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو اس سے پہلے بھی کہہ چکے تھے کہ روسی بیلسٹک میزائل اوریشنک کی بیلاروس میں تعیناتی مغرب کی جانب سے بڑھتی ہوئی کشیدگی کا جواب ہے۔

 

انہوں نے زور دے کر کہا کہ یورپ اور امریکہ واضح طور پر بیلاروس اور روس کے خلاف ایک ہائبرڈ جنگ میں ملوث ہیں تاہم اس جنگ کا اصل نقصان خود یورپ کو ہوگا۔

روس نے پہلی بار نومبر 2024 میں اوریشنک میزائل کو یوکرین کے شہر دنیپرو میں ایک فوجی کمپنی پر حملے میں استعمال کیا تھا۔

روسی صدر ولادیمیر پوتین نے کہا تھا کہ یہ حملہ یوکرین کی جانب سے روسی سرزمین پر برطانیہ اور امریکہ کے طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کے حملوں کے جواب میں کیا گیا۔

ہمیں فالو کریں: 

Follow us: FacebookXinstagram, tiktok  whatsapp channel

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر یوکرین کی جانب سے برطانیہ اور امریکہ کے طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کے حملے جاری رہے تو اوریشنک میزائلوں کے مزید حملے کیے جائیں گے۔

ولادیمیر پوتین نے یہ بھی کہا کہ اوریشنک میزائلوں کو روکنا ناممکن ہے اور ان میں ایٹم بم کے تباہ کن اثرات کے برابر توانائی ہے۔

 

ٹیگس