Dec ۱۹, ۲۰۲۵ ۰۸:۳۴ Asia/Tehran
  • روس یوکرین جنگ میں مزید 2 ہندوستانی شہری ہلاک، 59 اب بھی لاپتہ

اطلاعات کے مطابق روس یوکرین جنگ میں مزید 2 ہندوستانی شہری مارے گئے ہیں، دونوں کی لاشیں ہندوستان پہنچ گئیں۔

سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا ذرائع کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ دنوں روس یوکرین جنگ میں مزید 2 ہندوستانی شہری ہلاک ہوگئے، دونوں افراد کی لاشیں ہندوستان پہنچ گئی ہیں۔ اس طرح اس جنگ میں مجموعی طور پر 16 ہندوستانی ہلاک ہوچکے ہیں۔ 

اطلاعات کے مطابق ستمبر سے اب تک روس یوکرین جنگ میں کم از کم 4 ہندوستانیوں کی موت ہو چکی ہے، جبکہ 59 ہندوستانی اب بھی لاپتہ بتائے جاتے ہیں۔

روس یوکرین جنگ میں گزشتہ دنوں ہلاک ہونے دونوں افراد کی پہچان بھی ہوگئی ہے، اجے گودارا کا تعلق راجستھان سے ہے اور اس کی عمر 22 سال تھی، دوسرا شخص راکیش کمار اتراکھنڈ کا رہنے والا  تھا جس کی عمر 30 سال تھی۔ یہ دونوں افراد گزشتہ سال اسٹوڈینٹ ویزے پر روس گئے تھے۔ ایجنٹوں نے مبینہ طور پر انہیں کلینر اور ہیلپر کے طور پر کام دلانے کا وعدہ کر کے گمراہ کیا اور انہیں روسی فوج میں بھرتی کروا دیا۔ اس کے بعد یہ دونوں نوجوان یوکرین کے خلاف جنگ میں شامل ہوگئے اور محاذ جنگ پر مارے گئے۔

اجے گودارا کے چچیرے بھائی پرکاش گودارا نے انگریزی اخبار ’دی ہندو‘ کو بتایا کہ اجے نے آخری مرتبہ 21  ستمبر کو اپنے اہل خانہ سے بات کی تھی لیکن اس کے بعد سے اہل خانہ کا کوئی رابطہ نہیں ہو سکا تھا۔ حالانکہ رابطہ منقطع ہونے سے قبل اس نے مدد کی درخواست کرتے ہوئے اہل خانہ کے پاس ایک ویڈیو بھیجی تھی۔ ویڈیو میں اس نے کہا تھا کہ انہیں زبردستی جنگ میں بھیجا جا رہا ہے۔‘‘

روس کی جانب سے جاری کردہ موت کے سرٹیفکیٹ میں کہا گیا ہے کہ اس کی موت ’فعال فوجی خدمات کے دوران‘ ہوئی ہے۔

ہمیں فالو کریں: 

Followus: FacebookXinstagram, tiktok  whatsapp channel

مارے گئے دوسرے نوجوان راکیش کمار کے دوست پنکج کمار کا کہنا ہے کہ اہل خانہ کو 5 روز قبل ہی موت کے بارے میں پتہ چلا۔ پنکج کمار کے مطابق متوفی کے اہل خانہ کو بتایا گیا کہ اس کی موت ڈونباس ایریا میں ہوئی۔ اس نے آخری بار 30 اگست کو اہل خانہ سے بات کی تھی۔

ہندوستانی وزارت خارجہ کے مطابق روس یوکرین جنگ میں اب تک مجموعی طور پر 16 ہندوستانی شہریوں کی موت ہو چکی ہے۔

 

ٹیگس