ایران جوہری معاہدے کے مشترکہ کمیشن کا اجلاس
ایران جوہری معاہدے کے مشترکہ کمیشن کا اجلاس، 28 جون کو ویانا میں منعقد ہوگا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سید عباس موسوی نے کہا ہے کہ جوہری معاہدے کے مشترکہ کمیشن کا اگلا اجلاس، ایران، جرمنی، برطانیہ، فرانس، روس اور چین کے نائب وزرا اور سیاسی ڈائریکٹروں کی سطح پر 28 جون کو ویانا میں منعقد ہوگا۔
سید عباس موسوی کا کہنا تھا کہ جوہری معاہدے کے مطابق فریقین کے درمیان مشترکہ کمیشن کے اجلاس باضابطہ طور پر منعقد ہونےچاہئیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جوہری معاہدے کے مشترکہ کمیشن کا گزشتہ اجلاس مارچ کے مہینے میں منعقد ہوا تھا۔
یاد رہے کہ ایران جوہری معاہدے سے امریکی علیحدگی اور ایران کیخلاف امریکہ کی دشمنانہ پالیسیوں کے تسلسل میں جوہری معاہدے کے نفاذ میں روڑے اٹکانے کے بعد اسلامی جمہوریہ ایران نے 8 مئی کو باضابطہ طور پر اعلان کیا کہ وہ جوہری معاہدے کے بعض شقوں سے جزوی طور پر دستبردار ہوجائے گا۔