Jul ۲۸, ۲۰۱۹ ۲۰:۲۸ Asia/Tehran
  • ویانا اجلاس تعمیری تھا، مسائل حل نہیں ہوئے، سینیئر مذاکرات کار

ایران کے نائب وزیر خارجہ اور سینیئر ایٹمی مذاکرات کار سید عباس عراقچی نے ایٹمی معاہدے کے مشترکہ کمیشن کے اجلاس کو تعمیری قرار دیا ہے۔

ویانا میں ایٹمی معاہدے کے مشترکہ کمیشن کے اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سید عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ اجلاس تعمیری تھا لیکن ہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ تمام معاملات حل ہوگئے ہیں۔
سید عباس عراقچی نے کہا کہ آبنائے جبل الطارق میں غیر قانونی طور پر روکے گئے ایرانی تیل بردار بحری جہاز کے معاملے پر بھی تعمیری بات چیت ہوئی۔
انہوں نے واضح کیا کہ جب تک ملکی مفادات کے تحفظ کے لیے ضروری ہو گا ایران ایٹمی معاہدے پر عملدرآمد کی سطح میں کمی کا سلسلہ جاری رکھے گا۔
ایران کے نائب وزیر خارجہ اور سینیئر ایٹمی مذاکرات کار نے بتایا کہ اجلاس میں ایک بار پھر بہت سارے وعدے کیے گئے ہیں لیکن ایران وعدوں کا نہیں عملی اقدامات کا خواہاں ہے۔
ویانا اجلاس سے قبل ایران کے نائب وزیر خارجہ اور سینیئر ایٹمی مذاکرات کار نے یورپی یونین کے خارجہ امور کی نائب سربراہ ہیگا اشمید نیز روس اور چین کے نمائندوں سے الگ الگ ملاقات اور ایٹمی معاہدے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

 

ٹیگس