Aug ۱۱, ۲۰۱۹ ۱۰:۴۴ Asia/Tehran
  • کشمیر کی صورتحال پر ایران و پاکستان کے اسپیکروں کی گفتگو

اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر سےپاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر نے ٹیلی فونک رابطے میں مسئلہ کشمیر پر تبادلہ خیال کیا۔

پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر نے اپنے ایرانی ہم منصب علی لاریجانی کے ساتھ ایک ٹیلی فونک رابطے میں کشمیر کی ابتر صورتحال اور پاکستان اور ہندوستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے حوالے سے بات چیت کی۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکرعلی لاریجانی نے اس موقع  پر کہا کہ پاکستان ایران کا عزیزاور برادر ملک ہے، اور ایران کشمیر کے مسئلے پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے۔ 

اس موقع پر اسد قیصر کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کو آئندہ اسپیکر کانفرنس کے ایجنڈے میں رکھا جائے، ایران اور کشمیر کے صدیوں پر محیط لسانی، ثقافتی اور مذہبی روابط ہیں، ایرانی قیادت نے ہمیشہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت کی ۔

انہوں نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ہندوستانی رویے پر تنقید کرتے ہوئے عالمی برادری سے مسئلہ کشمیر پر توجہ دینے سمیت اس کے پُر امن حل کے لئے کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔

اس ٹیلی فونک گفتگو میں دونوں رہنماؤں نے عالمی فورمز پر مشترکہ لائحہ عمل اپنانے پر اتفاق کیا۔

واضح رہے کہ ایرانی محکمہ خارجہ کے ترجمان سید عباس موسوی نے بھی بدھ کے روز اپنے بیان میں کہا تھا کہ ایران، کشمیر سے متعلق حالیہ ہندوستانی فیصلے کا قریب سے جائزہ لے رہا ہے۔

اس کے علاوہ ایرانی مسلح افواج کے سربراہ میجر جنرل محمد باقری نے بھی ہفتہ کے روز پاکستانی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کیساتھ ایک ٹیلی فونک رابطے میں کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے دونوں فریقین کو صبر وتحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی۔

ٹیگس