Aug ۲۴, ۲۰۱۹ ۱۵:۴۳ Asia/Tehran
  • دشمن کی سازشیں دم توڑ رہی ہیں، صدر حسن روحانی

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ایران کے عوام پوری استقامت اور پائیداری کے ساتھ بیرونی سازشوں کا مقابلہ کر رہے ہیں۔

ہفتہ حکومت کے پہلے دن صدر حسن روحانی نے اپنی کابینہ کے ارکان کے ہمراہ  بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی رح کے مزار پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی اور آپ کی امنگوں سے تجدید عہد کیا۔
 
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے امام خمینی رحمت اللہ علیہ، شہید صدر محمد علی رجائی اور شہیدوزیراعظم جواد باہنر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے اسلامی انقلاب  کی کامیابی کو چالیس سے زیادہ کا عرصہ گزر رہا ہے اور آج کا ایران استقامت اور پائیداری کے نتیجے میں خلیج فارس کے حساس علاقے کا طاقتور ملک بن کر ابھر رہا ہے۔انہوں نے یہ بات زور دے کر کہی ایران کی حکومت اور عوام اتحاد و یکجہتی، محنت و کوشش اور استقامت و پائیداری کے ذریعے اس بار بھی دشمن کے دانت کھٹے کر دیں گے۔
 
صدر ایران کا کہنا تھا کہ دشمن کی سازشیں دم توڑ رہی ہیں، وہ ایران کے اسلامی نظام کو نقصان پہنچانے سے مایوس ہوچکے ہیں اور دشمن کو مایوس کرنا ہی ایران کا سب سے بڑا ہدف ہے۔
 
ڈاکٹر حسن روحانی نے یہ بات زور دے کر کہی کہ اسلامی جمہوریہ ایران دنیا کے ساتھ بہتر تعلقات کے قیام کے لیے اپنی توانائیاں بروئے کار لا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکہ کی ناتجربہ کار اور اناڑی حکومت نے نہ صرف ایران اور اس خطے کے عوام کے لیے بلکہ خود امریکی عوام کے لیے بھی لاتعداد مشکلات پیدا کر دی ہیں۔
 
قابل ذکر ہے کہ ایران کے صدر محمد علی رجائی اور وزیراعظم محمد جواد باہنر سن انیس سو اکیاسی میں وزیر اعظم کے دفتر میں ہونے والے دہشت گردانہ بم دھماکے میں شہید ہوگئے تھے۔
 
اس دہشت گردانہ حملے کی منصوبہ بندی دہشت گروہ ایم کے او نے کی تھی جسے امریکہ اور بعض مغربی ملکوں کی حمایت حاصل ہے۔
شہید صدرمحمد علی رجائی اور شہید وزیراعظم جواد باہنر  کی یاد میں چوبیس سے تیس اگست کے ایام کو ایران میں ہفتہ حکومت کا نام دیا گیا ہے۔
ایران میں ہفتہ حکومت کے پہلے دن صوبہ مرکزی کے شہر ساوہ میں اندرون ملک تیار کی جانے والی چھے نئی دواؤں کی رونمائی کی گئی۔
ایرانی ماہرین کی تیار کردہ ان دواؤں کی پروڈکشن کے نتیجے میں ستر ملین ڈالر کی بچت ہوگی اور اب دواؤں کو بیرون ملک سے  درآمدکرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔یہ پیشرفت ایسے وقت میں حاصل ہوئی ہے جب امریکہ نے گزشتہ سال ایٹمی معاہدے سے علیحدگی کے بعد دیگرشعبوں کے علاوہ ایران کو دواؤں اور میڈیکل آلات کی ترسیل تک پر پابندی عائد کردی ہے۔

ٹیگس