خطےمیں سمندری ڈاکوؤں اور بدامنی پھیلانے والوں کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے
اسلامی جمہوریہ ایران کی فوج کے کمانڈر میجر جنرل سید عبدالرحیم موسوی نے کہا ہے کہ علاقے کو سمندری ڈاکوؤں کے لئے غیر محفوظ بنادیا جائے گا۔
ایران کی فوج کے کمانڈر میجر جنرل سید عبدالرحیم موسوی نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ امریکا علاقے میں بدامنی پھیلانا چاہتا ہے کہا کہ علاقہ ان اسٹیک ہولڈروں کے لئے جو امن و سلامتی کے خواہاں ہیں پرامن رہے گا اور سمندری ڈاکؤوں اور بدامنی پھیلانے والوں کے لئے غیر محفوظ بنادیا جائے گا۔ انہوں نے جمعرات کو تہران میں ایک پروگرام میں تقریر کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے دشمن اور ان میں سرفہرست امریکا کی دہشت گرد حکومت ایرانی عوام پر ہر طرف سے زیادہ سے زیادہ دباؤ ڈال رہی ہے۔
ایرانی فوج کے کمانڈر جنرل موسوی نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ امریکا اور اس کے آلہ کاروں کی سازشیں اب تک ناکام رہی ہیں کہا کہ سازش کرنے والوں کی شکست و ناکامی کے مقابلے میں علاقے میں ایران کی عظمت و شکوہ میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے مغربی ایشیا میں امریکی اقدامات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکی اقدامات علاقے میں اختلاف و تفرقہ ڈالنے کی صیہونی لابی کے منصوبے سے متاثر ہے اور ان اقدامات کا مقصد صیہونی حکومت کو سیکورٹی فراہم کرنا ہے۔
جنرل موسوی نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ علاقے کے بعض ممالک نے اپنی سیکورٹی کو امریکا کے شیطانی اہداف سے مربوط کردیا ہے کہا کہ علاقے میں سیکورٹی صرف علاقے کے ملکوں کے آپسی تعاون سے ہی ممکن ہوسکے گی۔ ایرانی فوج کے کمانڈر نے کہا کہ ایران کی مسلح افواج ضرورت پڑنے پر دشمنوں کو انتہائی سخت اور منہ توڑ جواب دیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایرانی بحریہ آبنائے ہرمز، بحیرہ عمان اورشمالی بحرھند میں سیکورٹی کی سب سے بڑی ذمہ داری ادا کر رہی ہے۔