ایران و عراق سمیت دنیا بھر میں عاشورائے حسینی
ایران و عراق سمیت دنیا بھر میں یوم عاشور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران میں آج منگل کے دن صبح سے ہی تمام چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں میں سید الشہدا حضرت امام حسین علیہ السلام کی عزاداری کا سلسلہ شروع ہوا۔
مساجد، امام باگارہوں اور دوسرے مقدس مقامات پر مجالس عزا منعقد ہو رہی ہیں جہاں علمائے کرام اور ذاکرین عظام حضرت امام حسین علیہ السلام کی سیرت طیبہ پر روشنی ڈال رہے ہیں اور آپ کے فضائل و مصائب بیان کر رہے ہیں۔
ایران کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں جلوس ہائے عزا برآمد ہو رہے ہیں جن میں سید الشہدا حضرت امام حسین علیہ السلام کے عزادار نوحہ خوانی اور سینہ زنی کر رہے ہیں۔
مشہد مقدس میں نکالے جانے والے جلوس ہائے عزا حضرت امام رضا علیہ السلام کے روضہ اقدس اور قم المقدس میں نکالے جانے والے جلوس ہائے عزا حضرت فاطمہ معصومہ علیھا السلام کے روضے کی جانب بڑھ رہے ہیں جلوس ہائے عزا کا سلسلہ رات گئے تک جاری رہے گا۔
دنیا کے دوسرے ممالک سے بھی حضرت امام حسین علیہ السلام کے غم میں برپا ہونے والی مجالس اور جلوس ہائے عزا کی رپورٹیں موصول ہو رہی ہیں۔ عراق سے ملنے والی رپورٹ کے مطابق لاکھوں عزادار اس وقت کربلائے معلی میں حضرت امام حسین علیہ السلام کے روضہ اقدس کے پاس عزاداری کر رہے ہیں۔
پاکستان اور ہندوستان میں یوم عاشور کے موقع پر نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے عظیم ساتھیوں کی یاد میں برآمد کئے گئے جلوس اپنے روایتی راستوں پر گامزن ہیں۔
سحرعالمی نیٹ ورک اپنے تمام سامعین، ناظرین، قارئین اور دنیا بھر کے مسلمانوں اور حریت پسندوں کو یوم عاشور کی مناسبت سے تعزیت پیش کرتا ہے۔